مومن فارحہ محمد یاسین کی MH-SET فزکس مضمون میں نمایاں کامیابی
Author -
personحاجی شاھد انجم
اگست 31, 2025
0
share
مالیگاؤں (پریس ریلیز) ریاست مہاراشٹر میں اسسٹنٹ پروفیسر اور پی ایچ ڈی کے لیے اہلیتی امتحان مہاراشٹر اسٹیٹ ایلیجیبلٹی ٹیسٹ (MH-SET) رواں سال 9 جون 2025 کو منعقد ہوا تھا، جس میں ایک لاکھ سے زائد امیدواروں نے حصہ لیا۔ اس کے نتائج 30 اگست 2025 بروز سنیچر کو جاری کیے گئے۔ نتائج میں مالیگاؤں کی باصلاحیت طالبہ مومن فارحہ محمد یاسین نے فزکس جیسے نہایت مشکل اور سنجیدہ مضمون میں نمایاں کامیابی حاصل کرکے شہر و ادارے کا نام روشن کیا ہے۔ فزکس کو ہمیشہ سے مشکل ترین شعبوں میں شمار کیا جاتا ہے، مگر مومن فارحہ کی اس کامیابی نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ محنت، لگن اور مستقل مزاجی سے کوئی بھی منزل مشکل نہیں رہتی۔ یہ بھی قابل ذکر ہے کہ مومن فارحہ محمد یاسین خاتون ایجوکیشن سوسائٹی کے زیراہتمام جاری رائل یونیورسل اسکول (CBSE) عبدالمطلب کیمپس میں درس و تدریس کی خدمات انجام دے رہی ہیں۔ ان کی یہ علمی و پیشہ ورانہ وابستگی بھی ان کی محنت اور قابلیت کی عکاسی کرتی ہے۔ فارحہ یاسین کی یہ کامیابی ان کی تعلیمی جدوجہد کا تسلسل ہے۔ وہ اس سے قبل ایم ایس سی فزکس میں ٹاپ کرچکی ہیں اور بی ایڈ میں بھی نمایاں مقام حاصل کرچکی ہیں۔ ان کی مسلسل کامیابیاں طلبہ و طالبات کے لیے ایک روشن مثال ہیں۔ فارحہ یاسین کی اس شاندار کامیابی پر خاتون ایجوکیشن سوسائٹی کے چیئرمین رضوان عبدالمطلب سر، ڈائریکٹر ریحان عبدالمطلب سر، رائل یونیورسل اسکول کے پرنسپل عرفان عقیل سر کے علاوہ ایڈوکیٹ شاہد ندیم اور ڈاکٹر ساجد نعیم نے مبارکباد پیش کی ہے۔ رضوان عبدالمطلب سر نے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ مستقبل میں بھی کامیابیوں کی نئی منزلیں طے کرتی رہیں گی اور اپنے والدین، اساتذہ و ادارے کا نام مزید روشن کریں گی۔