ملکہ پور , مثالی اور مسنون نکاح ،آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی مہم کو تقویت
Author -
personحاجی شاھد انجم
ستمبر 01, 2025
0
share
ملکہ پور (ضلع بلڈانہ) آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی اصلاحِ معاشرہ کمیٹی کی جانب سے چلائی جارہی "آسان اور مسنون نکاح" مہم کے تحت ایک قابلِ تقلید اور مثالی نکاح ملکہ پور میں عمل میں آیا۔ یہ نکاح مورخہ ۳۱ اگست ۲۰۲۵ء بروز اتوار مدینہ مسجد صیقل پورہ ملکہ پور میں نہایت سادگی اور سنتِ نبویؐ کے مطابق انجام پایا۔
مرحوم عبدالرشید سر کے صاحبزادے محمد زید (مدرس، زیڈ اے اردو ہائی اسکول ملکہ پور) کا رشتہ جناب محمد ذاکر کلیم (بارہ دری ملکہ پور) کی صاحبزادی کے ساتھ بندھنِ ازدواج میں بندھا۔ اس مبارک موقع پر نکاح کی تقریب میں "بَارَكَ اللَّهُ لَھما..." کی دعائیں بھی دی گئیں۔ تقریب کی خاص بات یہ رہی کہ اس نکاح میں بورڈ کی جانب سے جاری کردہ "اقرار نامہ" پر مکمل عمل کیا گیا اور نکاح سے متعلق اہم ہدایات کی تعمیل کی گئی۔ اقرار نامے کی کاپیاں حاضرین میں تقسیم کی گئیں تاکہ معاشرے میں آسان اور مسنون نکاح کا پیغام عام ہو اور جہیز جیسی لعنت سے نجات کی راہیں ہموار ہوں۔ اس موقع پر شرکاء نے عہد کیا کہ وہ بھی اپنے گھروں میں نکاح کو مسنون اور سادہ طریقے پر انجام دیں گے۔ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے ارشادات بھی اس تقریب میں یاد دلائے گئے کہ نکاح میں تاخیر نہ کی جائے اور اولاد کے بالغ ہونے پر شادی کر دینا والدین کی ذمہ داری ہے۔ واضح رہے کہ آج کے دور میں جب بے پردگی، اختلاط اور ناجائز تعلقات تیزی سے بڑھ رہے ہیں، ایسے حالات میں یہ نکاح معاشرے کے لیے ایک روشن مثال ہے۔ ملکہ پور مدینہ مسجد (مرکز) کے امام و خطیب مفتی سید شہاب الدین صاحب کی فراہم کردہ معلومات کے مطابق، آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی اصلاحِ معاشرہ کمیٹی کا یہ پیغام تیزی سے عام ہورہا ہے اور لوگ جہیز سے پاک، آسان و مسنون نکاح کی طرف راغب ہورہے ہیں۔ آسان اور مسنون نکاح صرف ایک عمل نہیں بلکہ یہ معاشرتی اصلاح کی ایک تحریک ہے۔ اگر ہم سب اپنے گھروں میں اسے اپنائیں تو سماج کو گناہوں سے بچانے، جہیز کے بوجھ سے نجات دلانے اور نوجوانوں کو پاکیزہ زندگی عطا کرنے میں کامیاب ہوسکتے ہیں۔