عرفان اللہ خان کو تین ایوارڈز سے نوازا گیا امسال یوم اساتذہ کے موقع پر مثالی مدرس ایوارڈ کی ہیٹرک
Author -
personحاجی شاھد انجم
ستمبر 06, 2025
0
share
کھام گاؤں (نامہ نگار) یومِ اساتذہ کے موقع پر اردو ہائی اسکول و جونیئر کالج بلڈھانہ کے معروف ، فعال و متحرک لکچرار الحاج عرفان اللہ خان مبصر اللہ خان کو ان کی نمایاں تعلیمی، سماجی اور مذہبی خدمات کے اعتراف میں تین ایوارڈز سے نوازا گیا۔
اس طرح انہوں نے اس سال یوم اساتذہ کے موقع پر 5 ستمبر کو "مثالی ایوارڈز" کی ہیٹرک حاصل کی۔ عرفان اللہ خان کو (۱) افق اکیڈمی ناگپور کی جانب سے اظہر حیات مثالی مدرس ایوارڈ 2025، (۲) چیجاماتا سینئر کالج بلڈھانہ کی جانب سے آئیڈیل ٹیچر ایوارڈ 2025 اور (۳) نالج نیکسیز اکیڈمی اکولہ کی جانب سے ایکسِلینس اِن ٹیچنگ ایوارڈ 2025 سے سرفراز کیا گیا۔ تعلیمی حلقوں میں عرفان اللہ خان کو بہترین بیالوجی استاد کے طور پر جانا جاتا ہے۔ وہ ضلع بھر کے طلبہ کو خصوصاً نیٹ (NEET) جیسے مسابقتی امتحانات کی تیاری میں رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ بال بھارتی بیالوجی کمیٹی کے رکن ہونے کے ساتھ ساتھ مختلف سماجی اور ادبی انجمنوں میں فعال کردار ادا کرتے ہیں۔ ان کی خدمات صرف تعلیم تک محدود نہیں بلکہ سماجی و مذہبی میدان میں بھی نمایاں ہیں۔ وہ بلڈھانہ ضلع حج ٹرینر کی حیثیت سے حاجیوں کی خدمت انجام دیتے ہیں۔ اساتذہ کے مسائل کو حل کرنے میں بھی ہمیشہ پیش پیش رہتے ہیں۔ قابلِ ذکر ہے کہ عرفان اللہ خان کے دادا محترم حضرت حفیظ اللہ خان بدر مرحوم ریاست مہاراشٹر کے پہلے مثالی ایوارڈ یافتہ شخصیت تھے۔ عرفان اللہ خان نے اپنے دادا کی تعلیمی، سماجی اور ادبی خدمات کو مشعلِ راہ بنایا ہے اور اسی لگن و جذبے کے ساتھ مسلسل خدمت انجام دے رہے ہیں۔ ان اعزازات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے عرفان اللہ خان نے کہا: "یہ ایوارڈز دراصل میری نہیں بلکہ میرے اساتذہ، طلبہ اور ادارے کی کامیابی کا ثمر ہیں۔ میں ہمیشہ یہی کوشش کرتا رہا ہوں کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ سماج اور دین کی خدمت بھی انجام دیتا رہوں۔ یہ اعزاز میرے حوصلے کو مزید بلند کرتا ہے۔"