ناندورہ میں “وقف انویسٹی گیشن لاء 2025” کے تحت امید پورٹل رجسٹریشن ورکشاپ کا کامیاب انعقاد
Author -
personحاجی شاھد انجم
نومبر 09, 2025
0
share
کھام گاؤں(واثق نوید) چشتیہ ٹرسٹ، ناندورہ کے زیرِ اہتمام “وقف انویسٹی گیشن لاء 2025” کے تحت امید پورٹل رجسٹریشن ورکشاپ کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔ یہ ورکشاپ مولانا آزاد پرائمری اسکول، ناندورہ کے علمی ماحول میں منعقد ہوئی، جس میں ضلع وقف آفیسر جناب عتیق الرحمٰن نے رہنمائی فرمائی۔
تقریب کی صدارت جناب ذکراللہ خان نے کی، جبکہ مہمانِ خصوصی ایڈوکیٹ عبدالرفیق نے اپنے خطاب میں وقف قانون کے مؤثر نفاذ، شفافیت اور ادارہ جاتی احتساب کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے زور دیا کہ وقف املاک کے بہتر نظم و نسق کے لیے ڈیجیٹل سسٹم کا نفاذ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ پروگرام کا آغاز ذکراللہ خان کے پُراثر ابتدائی کلمات اور “پروپوزل اسپیچ” سے ہوا۔ محسن سر نے نظامت کے فرائض نہایت خوش اسلوبی سے انجام دیے، جبکہ آصف پٹھان سر نے شکریہ کی رسم خلوص کے ساتھ ادا کی۔ ورکشاپ میں امید پورٹل پر رجسٹریشن کے عملی مراحل، وقف املاک کے ڈیجیٹلائزیشن، شفافیت اور احتساب کے فروغ پر تفصیلی رہنمائی فراہم کی گئی۔ تقریباً 100 شرکاء نے اس ورکشاپ میں شرکت کی اور اسے نہایت مفید اور معلوماتی قرار دیا۔ شرکاء نے اپنے تاثرات میں کہا کہ وقف سے متعلق آگاہی، بہتر نظم و نسق اور شفاف مینجمنٹ کے لیے اس نوعیت کی ورکشاپس وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ اختتام پر چشتیہ ٹرسٹ، ناندورہ کے اس بامقصد اور قابلِ تحسین اقدام کو بھرپور سراہا گیا، اور شرکاء نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی وقف اصلاحات اور آگاہی کے سلسلے میں اس طرح کے بامعنی پروگرام منعقد کیے جاتے رہیں گے۔