کھام گاؤں , "امید پورٹل" پر ضلعی سطح کا رہنمائی ورکشاپ، عبدالرؤف شیخ کا کلیدی خطاب
Author -
personحاجی شاھد انجم
نومبر 05, 2025
0
share
کھام گاؤں، (واثق نوید) فیڈریشن آف مہاراشٹر مسلمس (FMM)، ضلع بلڈانہ کے زیرِ اہتمام ’’امید پورٹل‘‘ سے متعلق ایک روزہ رہنمائی ورکشاپ کا کامیاب انعقاد ضیاء کالونی مسجد، کھام گاؤں میں عمل میں آیا۔ اس پروگرام میں ضلع بھر کے متولیانِ اوقاف، دینی و سماجی تنظیموں کے ذمہ داران اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ورکشاپ کے مہمانِ خصوصی کے طور پر ناگپور سے محترم جناب عبدالرؤف شیخ صاحب (سابق ڈپٹی کمشنر برائے ترقیاتی اسکیمات و صدر، سینٹر فار سوشیل ریسرچ اینڈ امپاورمنٹ ناگپور) شریک ہوئے۔ موصوف نے اوقاف کے قانونی تقاضوں اور امید پورٹل پر اندراج کے عملی مراحل پر تفصیلی رہنمائی پیش کی۔ انہوں نے امت کی موجودہ صورتِ حال پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ “وقف کی حفاظت امت کی اجتماعی ذمہ داری ہے، اس میدان میں حوصلے، صبر اور اتحاد کے ساتھ کام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔” پروگرام کا آغاز مولانا مفتی صدیق صاحب کی روح پرور تذکیر بالقرآن سے ہوا، جس میں انہوں نے وقف کی شرعی حیثیت پر روشنی ڈالی۔ افتتاحی کلمات مولانا حافظ مجاہد صاحب (ضلعی کوآرڈینیٹر FMM و ناظم ضلع ساوتھ جماعت اسلامی ہند بلڈانہ) نے پیش کیے۔ انہوں نے امت کی وقف سے غفلت پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے اس کی بقاء اور تحفظ کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر محترم سہیل فرقان صاحب (ضلعی کوآرڈینیٹر FMM و ناظم ضلع نارتھ جماعت اسلامی ہند بلڈانہ) نے فیڈریشن آف مہاراشٹر مسلمس کا تعارف پیش کیا اور FMM کی فلاحی سرگرمیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ “امت کے اجتماعی مسائل کا حل اتحاد و تعاون میں مضمر ہے۔” ورکشاپ کے دوسرے سیشن میں محترم عتیق الرحمٰن صاحب (ضلعی وقف آفیسر، بلڈانہ) نے "امید پورٹل پر فارم کس طرح پُر کیا جائے" کے موضوع پر پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعے عملی رہنمائی فراہم کی۔ انہوں نے آسان اور مفید انداز میں شرکاء کے سوالات کے جوابات دیے۔ اس دوران جماعت اسلامی ہند کی جانب سے نوجوانوں کی ایک ٹیم نے متولیان کو فارم پُر کرنے میں عملی مدد فراہم کی۔ پروگرام کی نظامت محمد اظہارالحق سر نے کی، جبکہ مقامی جماعت اسلامی ہند کھام گاؤں اور جمعیت العلماء کے ذمہ داران و کارکنان نے ورکشاپ کی کامیابی کے لیے انتھک محنت کی۔ پروگرام کے اختتام پر ظہر کے بعد مہمانان کے لیے طعام کا انتظام کیا گیا۔ یوں یہ بامقصد و بامغز ورکشاپ قبل از عصر دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔