عبدالرؤف شیخ صاحب کی کھام گاؤں خصوصی آمد وقف امید پورٹل پر تربیتی و رہنمائی نشست کا اہتمام
Author -
personحاجی شاھد انجم
نومبر 01, 2025
0
share
کھام گاؤں، (واثق نوید) ریاستِ مہاراشٹر کے معروف سماجی رہنما، ماہرِ انتظامیہ اور سابق چیف ایگزیکٹیو آفیسر مہاراشٹر اسٹیٹ وقف بورڈ، عبدالرؤف شیخ صاحب کی کھام گاؤں خصوصی آمد کے موقع پر ایک اہم تربیتی و رہنمائی نشست کا اہتمام کیا گیا ہے۔ یہ پروگرام فیڈریشن آف مہاراشٹر مسلم (FMM)، بلڈھانہ ضلع کی جانب سے منعقد کیا جا رہا ہے۔ اس نشست کا مقصد متولیانِ اوقاف، ائمہ، مدرسین، اور سماجی کارکنان کو یہ سمجھانا ہے کہ وقف املاک کا اندراج حکومتِ ہند کے "امید پورٹل" پر کس طرح کیا جائے۔ عبدالرؤف شیخ صاحب نے اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں عوامی خدمت، شفاف انتظامیہ، اور سماجی ترقی کے کئی منصوبے کامیابی سے نافذ کیے ہیں۔ وہ مہاراشٹر حکومت میں مختلف اہم عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں، خصوصاً ڈپٹی کمشنر (ترقیاتی اسکیمات) اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر وقف بورڈ کے طور پر ان کی کارکردگی کو بے حد سراہا گیا۔ اوقافی جائیدادوں کے نظم و نسق میں شفافیت لانے اور اصلاحاتی اقدامات کے ذریعے انہوں نے نئی روح پھونکی۔ آج وہ سینٹر فار سوشل ریسرچ اینڈ امپاورمنٹ، ناگپور کے صدر کی حیثیت سے نوجوانوں، تعلیمی اداروں اور فلاحی منصوبوں کی رہنمائی کر رہے ہیں۔ کھام گاؤں میں ہونے والی اس تربیتی نشست میں عبدالرؤف شیخ صاحب وقف املاک کے اندراج، متعلقہ دستاویزات، آن لائن درخواست کے طریقۂ کار اور سرکاری ضوابط پر تفصیلی رہنمائی فرمائیں گے۔ پروگرام میں شرکاء کو عملی مظاہرہ کے ذریعے یہ سکھایا جائے گا کہ مساجد، مدارس، قبرستانوں ، عیدگاہوں اور دیگر اوقافی جائیدادوں کو امید پورٹل پر کیسے درج کیا جائے۔ اس موقع پر بلڈھانہ ضلع وقف افسر عتیق الرحمان بھی موجود رہے گے ۔ یہ پروگرام 5 نومبر بروز بدھ صبح 10:30 بجے مسجد ضیاء کالونی، کھام گاؤں میں منعقد ہوگا۔ تمام ائمہ، متولیان، دینی و سماجی اداروں کے ذمہ داران اور عام مسلمانوں سے بھرپور شرکت کی اپیل کی گئی ہے۔