کھام گاؤں،صفائی ملازم کی عدم حاضری سے علاقہ گندگی میں ڈوبا، پھاٹک پورہ کے شہریوں کا احتجاج
Author -
personحاجی شاھد انجم
اکتوبر 28, 2025
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) کھام گاؤں شہر کے پھاٹک پورہ علاقے میں صفائی کے ناقص انتظامات کے خلاف شہریوں نے آج 28 اکتوبر کو ’’ڈفلے بجاؤ آندولن‘‘ (ڈھول پیٹ احتجاج) کے ذریعے زبردست احتجاج درج کرایا۔ یہ احتجاج محمد عارف پہلوان عبد اللطیف ، سابق نگر سیوک اور پھاٹک پورہ کے مقامی باشندوں کی قیادت میں نگران افسر، نگر پریشد کھام گاؤں کو میمورنڈم پیش کرکے کیا گیا۔ میمورنڈم میں بتایا گیا کہ صفائی ملازم کشور موتی جریا کو 10 اکتوبر 2024 سے نئی ڈیوٹی پر تعینات کیے جانے کے باوجود کوئی متبادل ملازم مقرر نہیں کیا گیا، جس کی وجہ سے وارڈ نمبر 11 پھاٹک پورہ میں صفائی کا کام مکمل طور پر ٹھپ ہو گیا ہے۔ شہریوں نے شکایت کی کہ راستوں پر کوڑا کرکٹ جمع ہے، نالیاں بند ہو چکی ہیں اور علاقے میں بدبو اور مچھروں کی افزائش سے وبائی امراض پھیلنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ متعدد بار تحریری درخواستیں دینے کے باوجود نگر پریشد انتظامیہ نے کوئی کارروائی نہیں کی، جس کے باعث شہریوں کو مجبوراً احتجاج کا راستہ اختیار کرنا پڑا۔ احتجاجیوں نے انتباہ دیا کہ اگر فوری طور پر صفائی کا انتظام درست نہ کیا گیا تو احتجاج مزید سخت کیا جائے گا۔ عوام نے نگر پریشد سے مطالبہ کیا کہ پھاٹک پورہ علاقے میں فوری صفائی عملہ تعینات کیا جائے تاکہ شہریوں کو گندگی، بدبو اور بیماریوں سے نجات مل سکے۔