بلڈھانہ ، انسانیت کو شرمسار کرنے والا واقعہ باپ نے غصے کے عالم میں اپنی دو جڑواں بیٹیوں کا کیا قتل
Author -
personحاجی شاھد انجم
اکتوبر 25, 2025
0
share
کھام گاؤں ، (واثق نوید) غصہ اور انا جب انسان پر غالب آتے ہیں تو وہ کیا کچھ کر بیٹھتا ہے، اس کی کوئی حد نہیں رہتی۔ ایسا ہی ایک لرزہ خیز اور انسانیت کو شرمسار کرنے والا واقعہ ضلع بلڈھانہ میں پیش آیا ہے۔ دیوالی کے خوشیوں بھرے موقع پر پیش آنے والی اس دل دہلا دینے والی واردات نے نہ صرف دیولگاؤں راجہ تعلقے کو بلکہ پورے بلڈھانہ ضلع کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ ملی جانکاری کے مطابق، دیولگاؤں راجہ تعلقے کے انڈیرا پولیس اسٹیشن کی حدود میں ایک نہایت ہی خوفناک واقعہ سامنے آیا ہے۔ رُئی (ضلع واشم) کا رہائشی اور پونے میں ایک نجی کمپنی میں ملازمت کرنے والے ایک سنگدل باپ نے اپنی دو جڑواں بیٹیوں کو بے دردی سے قتل کر دیا۔ باپ بیٹی کے مقدس رشتے کو داغدار کرنے والے اس سفاک باپ کا نام راہول چوہان بتایا جا رہا ہے۔ اس نے اپنی دونوں ننھی بچیوں کا گلا کاٹ کر ان کا قتل کیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق راہول چوہان اپنی بیوی اور دو بچیوں کے ساتھ گھر جا رہا تھا۔ سفر کے دوران میاں بیوی کے درمیان کسی بات پر جھگڑا ہوا۔ اس پر ناراض بیوی نے مائیکے جانے کا فیصلہ کیا، جبکہ راہول اپنی دونوں بیٹیوں کو ساتھ لے کر آگے بڑھ گیا۔ غصے کے عالم میں، اس نے انڈیرا پھاٹا کے قریب جنگل میں اپنی دو معصوم بچیوں کا گلا کاٹ کر بے رحمی سے قتل کر دیا۔ قتل کے بعد راہول خود واشم پولیس اسٹیشن پہنچا اور اپنے اس بھیانک جرم کا اعتراف کر لیا۔ پولیس نے فوراً اندھیرا پھاٹا کے مقام پر پہنچ کر پنچنامہ کیا اور مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ موقع پر ڈی وائی ایس پی منیشا قدم، سنتوش کھاڑے، تھانیدار شکرگے، پولیس افسران جاروار، فوسے، جادھو وغیرہ موجود تھے۔اس لرزہ خیز واردات سے انڈیرا علاقہ، دیولگاؤں راجہ تعلقہ اور پورا بلڈھانہ ضلع سکتے میں آ گیا ہے۔ عوام میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ مقامی شہریوں نے کہا کہ معمولی گھریلو جھگڑے کی بھینٹ چڑھنے والی دو معصوم بچیوں کی جان ضائع ہونا انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والا واقعہ ہے۔