شولاپور ، ہندو آکروش مورچہ میں متنازع بیان دینے والے آرون کمار جگتاپ کے خلاف شکایت اکولہ ، محمد جاوید ذکریا نے اسمبلی اسپیکر سے رکنیت منسوخ کرنے اور فوجداری مقدمہ درج کرنے کا کیا مطالبہ
Author -
personحاجی شاھد انجم
اکتوبر 27, 2025
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) اکولہ کے معروف سماجی کارکن، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد پوار گروپ) کے مہاراشٹر پردیش تنظیمی سکریٹری اور کچھی میمن سوسائٹی اکولہ کے صدر محمد جاوید محمد ذکریا (جاوید ذکریا) نے مہاراشٹر اسمبلی کے اسپیکر کو ایک تفصیلی شکایتی مکتوب روانہ کیا ہے۔ اس خط میں انہوں نے احمد نگر ضلع کے اہلیہ نگر اسمبلی حلقہ کے رکن اسمبلی سنگرام ارون کمار جگتاپ (نیشنلسٹ کانگریس ، اجیت پوار گروپ) پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔
جاوید ذکریا نے اپنے مکتوب میں الزام لگایا ہے کہ رکن اسمبلی جگتاپ نے اپنے عہدے کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے میڈیا کے ذریعہ دو برادریوں کے درمیان مذہبی منافرت پھیلانے کی کوشش کی۔ ان کے بیان سے سماج میں امن و قانون و نظم کو خطرہ لاحق ہوا ہے۔
واقعہ "ہندو آکروش مورچہ" شولاپور کا جاوید ذکریا کے مطابق، 10 اکتوبر 2025 کو دوپہر میں انہوں نے اے بی پی ماجہ چینل پر لائیو دیکھا کہ رکن اسمبلی سنگرام جگتاپ شولاپور میں منعقدہ "ہندو آکروش مورچہ" کے اسٹیج پر بطور مقرر موجود تھے۔
اپنے خطاب میں جگتاپ نے کہا ۔ > “دیوالی کے موقع پر ہر شہری کو خریداری صرف ہندو دکانداروں سے کرنی چاہیے۔ دیوالی کی کمائی کا فائدہ صرف ہندوؤں کو ہی ملنا چاہیے۔ اس وقت ہندو مندروں اور ہندوؤں پر جو حملے ہو رہے ہیں، وہ مساجد سے ہو رہے ہیں۔”، جاوید ذکریا نے اپنے مکتوب میں لکھا ہے کہ یہ بیان سن کر ان کے مذہبی جذبات مجروح ہوئے۔
پولیس میں شکایت، مگر کوئی کارروائی نہیں
اس واقعہ کے بعد، 11 اکتوبر 2025 کو جاوید ذکریا نے رامداس پیٹھ پولیس اسٹیشن آکولہ میں تحریری شکایت درج کرائی، لیکن ان کا کہنا ہے کہ چونکہ سنگرام جگتاپ ایک بااثر سیاسی شخصیت ہیں، اس لیے پولیس نے اب تک کوئی کارروائی نہیں کی۔
اسمبلی اسپیکر کو پیش کیے گئے شواہد میں ذکریا نے اپنے مکتوب کے ساتھ درج ذیل ثبوت بھی منسلک کیے ہیں ،رامداس پیٹھ پولیس اسٹیشن میں درج شکایت کی نقل ، 10/10/2025 کو اے بی پی ماجہ چینل پر نشر ہونے والے خطاب کی ویڈیو (پین ڈرائیو میں)
اے بی پی ماجہ کے سوشل میڈیا پوسٹ کی نقل
روزنامہ دیویا مراٹھی شولاپور (11/10/2025) میں شائع خبر کی کاپی ،
محمد جاوید ذکریا نے اسمبلی اسپیکر سے درج ذیل کارروائی کا مطالبہ کیا ہے . رکن اسمبلی سنگرام جگتاپ کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کرنے کی اجازت دی جائے۔ . مذہبی منافرت پھیلانے اور عہدے کے ناجائز استعمال کے سبب ان کی اسمبلی رکنیت منسوخ کی جائے۔
. سماج میں امن و ہم آہنگی قائم رکھنے کے لیے فوری قانونی کارروائی کی جائے۔
اکولہ میں سیاسی ہلچل مچ گئی ۔یہ معاملہ اکولہ کے سماجی و سیاسی حلقوں میں موضوعِ بحث بنا ہوا ہے۔
کئی سماجی کارکنوں کا کہنا ہے کہ مذہبی منافرت پھیلانے والے عوامی نمائندے سماجی یکجہتی کے لیے خطرہ ہیں، لہٰذا ایسے افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہونی چاہیے۔