ناندیڑ ، اُردو میڈیم اساتذہ کے لیے مصنوعی ذہانت پر ایک روزہ ورکشاپ کا انعقاد
Author -
personحاجی شاھد انجم
نومبر 05, 2025
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، حیدرآباد کے مرکز برائے پیشہ ورانہ فروغ برائے اساتذہ اُردو ذریعہ تعلیم (CPDUMT) کی جانب سے ’’اساتذہ کے لیے مصنوعی ذہانت‘‘ (AI) پر ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد 6 نومبر 2025 کو اردو گھر، ناندیڑ میں کیا جا رہا ہے۔ اس ورکشاپ کا مقصد اردو میڈیم اساتذہ کو جدید تدریسی تقاضوں سے روشناس کرانا اور تدریس میں مصنوعی ذہانت کے عملی و مؤثر استعمال کی تربیت فراہم کرنا ہے۔ اس سلسلے میں ضلعی تعلیمی افسر اور پرنسپل ڈائیٹ ناندیڑ نے باضابطہ احکامات جاری کرتے ہوئے اردو میڈیم اسکولوں کے اساتذہ کو شرکت کی ہدایت دی ہے۔ ورکشاپ میں مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے ممتاز ماہرین پروفیسر محمد عبدالسّمیع صدیقی (ڈائریکٹر CPDUMT) اور پروفیسر سید امان عبید (مرکز برائے فاصلاتی و آن لائن تعلیم) بطور Resource Persons شریک ہوں گے۔ دونوں ماہرین مصنوعی ذہانت کے تعلیمی استعمالات، تدریسی مواد کی تیاری میں AI کے کردار اور طلبہ کی کارکردگی کے تجزیے میں ٹیکنالوجی کے عملی فائدوں پر تفصیلی گفتگو کریں گے۔ ورکشاپ کے دوران اساتذہ کو مختلف AI ٹولز اور آن لائن تدریسی پلیٹ فارمز کے عملی استعمال کی تربیت بھی فراہم کی جائے گی، تاکہ وہ اپنی تدریسی مہارتوں میں جدت لا سکیں اور تعلیمی مواد کو زیادہ مؤثر و دلچسپ بنا سکیں۔ یہ تربیتی پروگرام یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر سید عین الحسن کی سرپرستی میں جاری اس تعلیمی مہم کا حصہ ہے جس کا مقصد اردو میڈیم اساتذہ کو جدید تعلیم، ٹیکنالوجی اور تدریسی اختراعات سے ہم آہنگ کرنا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس ورکشاپ سے اساتذہ کو عملی سطح پر تدریسی معیار بہتر بنانے اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے تعلیم میں نئے امکانات تلاش کرنے میں مدد ملے گی۔