آج 27 دسمبر2025 بروزسنیچر کو ہونے والے مسجد اَشرفُ الفقہاء کے طعام تعاؤن کی تمام تیاریاں مکمل انتظامیہ کمیٹی کی اپیل خانہء خدا کی تعمیر میں دل کھول کر حصّہ لیجیے
Author -
personحاجی شاھد انجم
دسمبر 27, 2025
0
share
مالیگاؤں :(خیال اثر) اللہ ربّ العزّت کا بے پایاں فضل و کرم ہے کہ شہر کے جنوبی حصّے میں واقع محلہ گلشنِ اشرف، گٹ نمبر 28، مالدہ کالونی روڈ پر، جہاں غریب اور متوسط مسلمانوں کی گھنی آبادی آباد ہے، وہاں ایک عظیم دینی خواب حقیقت کا روپ دھار رہا ہے۔ یہ وہ علاقہ ہے جہاں برسوں سے ایک مستقل مسجد کی شدید ضرورت محسوس کی جا رہی تھی تاکہ بندگانِ خدا کو نماز، سجدہ، ذکر و اذکار اور دینی تربیت کا ایک پُرسکون مرکز میسر آ سکے۔ اسی احساسِ ذمہ داری کے تحت حافظ محمد احسان رضا نے محلے کے باہمت اور باشعور نوجوانوں کی ایک منظم ٹیم تیار کی اور پھر سب کی مشترکہ کوششوں، خلوصِ نیت اور مسلسل جدوجہد کے نتیجے میں ممتاز عالمِ دین، مفتیِ اعظم مہاراشٹر حضور مفتی محمد مجیب اشرف رحمۃاللہ علیہ کے نام سے منسوب مسجد اشرفُ الفقہاء کا سنگِ بنیاد مناظرِ اہلِ سنّت حضرت علامہ عبدالستار ہمدانی صاحب قبلہ کے مبارک ہاتھوں سے رکھا گیا، جس نے ابتدا ہی سے اس مسجد کو روحانی برکتوں سے سرفراز کر دیا۔ اللہ تعالیٰ کے خصوصی فضل و کرم سے ماہِ رمضان المبارک سے قبل ہی حضور اشرفُ الفقہاء رحمۃاللہ علیہ کے صاحبزادے حافظ تحسین اشرف صاحب قبلہ کی خطابت و امامت میں 21 فروری 2025 بروز جمعہ پہلی نمازِ جمعہ کے ساتھ مسجد کا باقاعدہ افتتاح عمل میں آیا۔ الحمدللہ آج مسجد اشرفُ الفقہاء بندگانِ خدا کے سجدوں، اذانوں اور دعاؤں سے آباد ہے، نمازوں کا سلسلہ جاری ہے اور اہلِ علاقہ کو ایک دینی مرکز میسر آ چکا ہے، تاہم تعمیری کام ابھی تکمیل کے مراحل میں ہے اور یہ سفر خلوص، صبر اور تعاون کا تقاضا کرتا ہے۔ اسی تعمیری سلسلے میں اللہ کے فضل سے 25 دسمبر بروز جمعرات مسجد کا پہلا سلیب کامیابی کے ساتھ بھرا گیا جو بلاشبہ ایک اہم اور تاریخی پیش رفت ہے۔ اسی خوشی اور شکرانے کے طور پر اور تعمیرِ مسجد کے کام کو مزید آگے بڑھانے کے مقصد سے 27 دسمبر 2025 بروز سنیچر گلشنِ ابراہیم، مسجد میلادِ پاک ﷺ کے قریب ایک عظیم الشان طعامِ تعاون پروگرام منعقد کیا جا رہا ہے۔ اس طعامِ تعاون میں نوابی پلاؤ کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے جو صرف اور صرف پارسل کی شکل میں دیا جائے گا، الحمدللہ اس پروگرام کی تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ چونکہ گلشنِ ابراہیم کا علاقہ شہر کے بالکل آخری سرے پر واقع ہے، اس لیے اہلِ خیر اور مخیر حضرات سے خصوصی اپیل ہے کہ وہ اس مسجد کی تعمیر کے لیے اپنا دستِ تعاون دراز کریں اور اس دینی مشن کو مضبوط بنائیں۔ ادارۂ گلشن اشرف اور مسجد اشرفُ الفقہاء انتظامیہ کمیٹی نہایت مؤدبانہ انداز میں تمام احباب سے گزارش کرتی ہے کہ کم از کم 100 روپے کا ٹکٹ ضرور حاصل کریں اور اللہ کے اس گھر کی تعمیر میں اپنا نام شامل کروا کر صدقۂ جاریہ کے مستحق بنیں۔ اہلِ ثروت حضرات سے دل کھول کر تعاون کی اپیل ہے تاکہ وہ ثوابِ دارین حاصل کر سکیں، کیونکہ مسجد کی تعمیر وہ نیکی ہے جس کا اجر نسلوں تک جاری رہتا ہے۔ یہ بھی بہتر ہو گا کہ احباب خود مسجد کے تعمیری کام کا وزٹ کریں اور وہاں استعمال ہونے والے لوازمات مثلاً ریت، کھڑی، سیمنٹ، اینٹ اور اسٹیل وغیرہ فراہم کر کے براہِ راست تعاون فرمائیں۔ رسید کے لیے مسجد میلادِ پاک ﷺ کے خطیب و امام حافظ محمد احسان رضا سے ملاقات کریں یا نیچے دیے گئے نمبروں پر رابطہ قائم کریں: حافظ محمد احسان رضا 9881123590، حافظ سید ابرار رضا 9112697276، حافظ محمد فرحان رضا 9028786525 اور شکیل احمد قادری 9970511183۔ اللہ تعالیٰ آپ کے مال و جان میں برکت عطا فرمائے، آپ کے اس تعاون کو شرفِ قبولیت بخشے اور مسجد اشرفُ الفقہاء کو علم، ہدایت اور اتحادِ امت کا مرکز بنائے۔ آمین یا ربّ العالمین۔