تبصرہ بر کتاب "مطالعہ کی سرگذشت" مصنف: شیخ طریقت حضرت مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی صاحب زید مجدہم تبصرہ نگار: مولانا محمد عمار رحمانی ازہری
Author -
personحاجی شاھد انجم
جنوری 20, 2026
0
share
28 جنوری 2026 بروز بدھ بعد نماز عشاء بنکر لانس،مالیگاؤں میں شہر عزیز کے معروف عالم دین، شیخ طریقت حضرت مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی صاحب زید مجدہم (سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ) کی گیارہ اہم اور مفید کتابوں کا اجراء ہوا چاہتا ہے، اللہ نےحضرت مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی صاحب کو کم عمری میں بڑی خوبیوں سے نوازا ہے، یہ آپ کی شب وروز کی انتھک محنت وکاوش اور مسلسل جد وجہد کا نتیجہ ہے، آپ نے اپنی شخصیت کی تعمیر میں خوب وقت لگایا، مرشدِ کامل مفکر اسلام حضرت مولانا سید محمد ولی رحمانی صاحب قدس اللہ سرہ کی نگرانی میں ترقی کے منازل طے کرتے رہے، ان کی ہدایت کے مطابق اپنی فطری صلاحیتوں کو مہمیز کیا، کتابوں سے دوستی کی اور سفر حضر میں اپنے دامن میں علم وآگہی کے موتی اکٹھے کرتے رہے، زیرِ نظر رسالہ مولانا محترم کی رودادِ مطالعہ ہے، جسے انہوں نے نہایت نفاست اور شائستگی کے ساتھ قلمبند کیا ہے، یہ روداد دراصل زبان و ادب کا حسین مرقع ہے؛ عبارت اتنی شستہ و شائستہ کہ قاری بے اختیار محوِ مطالعہ ہوجائے، کتاب میں مختلف علوم و فنون کی منتخب کتب کا تعارف دلچسپ اور متوازن انداز میں پیش کیا گیا ہے، اور ہر تعارف میں ذوقِ مطالعہ رکھنے والوں کے لئے رہنمائی موجود ہے، مصنف نے علم و ادب کے مختلف کوچوں کی سیر کی ہے اور ان کا قدرے تفصیلی تذکرہ اس رسالے میں موجود ہے، اس میں تفسیر و حدیث کی کتابوں کی طرف رہنمائی، قلم کی نوک و پلک سنوارنے اور زبان و بیان کو نکھارنے کے عملی مشورے، اور معیاری شعراء اور ان کے دیوانوں کا بامعنی تذکرہ شامل ہے، تصوف و سلوک پر لکھی گئی کتابوں پر جامع تبصرہ اور دین کی تشریح و تفہیم میں معاون و مددگار کتب کا حوالہ اس مجموعے کو علمی و روحانی اعتبار سے بھی معتبر بناتا ہے،رسالے کے بیک ٹائٹل پر مسیحائے قوم و ملت جناب ڈاکٹر سعید فارانی کا دلچسپ اور پراثر تبصرہ بھی شامل ہے، جو پڑھنے والوں کے تعلق اور دلچسپی کو مزید بڑھا دیتا ہے،رسالے کے مطالعے سے یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہوجاتی ہے کہ کارزارِ ہستی میں عز وجاہ کی دولت بھیک میں نہیں ملتا، بلکہ اسے محنت سے حاصل کیا جاتا ہے،اور یہ بھی کہ کامیابی پھولوں کا سیج نہیں، بلکہ پر خار جھاڑیوں سے بھری ایک گزر گاہ ہے، جسے کم لوگ ہی اپنی استقامت سے پار
کرپاتے ہیں،
مجموعی طور پر یہ کتابچہ نہ صرف معلوماتی ہے بلکہ ذوقِ مطالعہ کو جگانے اور ادبی ذوق کو نکھارنے والا ایک خوش رنگ سرمایہ ہے، رسالہ اکیاون صفحات پر مشتمل ہے۔ اس با وقار محفل اجراء میں مقامی مشاہیر علم و ادب کے ساتھ ساتھ بیرون شہر سے تشریف لانے والے ممتاز اکابر اور دانشور حضرات اپنے قیمتی ملفوظات سے سامعین کو مستفیص فرمائیں گے۔یہ تقریب علم و ادب کی محفلوں میں ایک یادگار اضافہ ثابت ہوگی۔ان شاءاللہ! مسلمانان شہر خصوصاً علم و ادب سے تعلق رکھنے والے حضرات سے گزارش ہے کہ اس بامقصد اور علمی تقریب میں ضرور شرکت فرمائیں۔ نوٹ: خواتین اسلام کیلئے انصار جماعت میں نظم رہے گا۔ جاری کردہ : رسم اجراء کمیٹی