“حالات بدل سکتے ہیں!” کے پیغام کے ساتھ لونار میں سماجی رہنمائی تقریب کا شاندار انعقاد اعلیٰ تعلیم یافتہ مقرر آرکیٹیکٹ ارشد شیخ کا خطاب
Author -
personحاجی شاھد انجم
جنوری 20, 2026
0
share
بلڈانہ(محمد شاکر ہمدرد)جمعیت علماء لونار کے زیرِ اہتمام بروز جمعہ، 16جنوری 2026ء کو بعد نمازِ عشاء 8:30 بجے محمدی مسجد، زم زم کالونی، لونار، ضلع بلڈانہ میں سماجی رہنمائی تقریب بعنوان “حالات بدل سکتے ہیں” کا شاندار انعقادعمل میں آیا۔
اس تقریب میں بطور مقرر خُصوصی پیِس فاؤنڈیشن کے بانی صدر، اعلیٰ تعلیم یافتہ اور معروف سماجی رہنما آرکیٹیکٹ ارشد شیخ نے شرکاء سے فکری، سماجی اور اخلاقی رہنمائی کرتے ہوئے نہایت مؤثر اور حوصلہ افزا خطاب کیا۔
اپنے خطاب میں آرکیٹیکٹ ارشد شیخ نے برابری، مساوات، بھائی چارہ، باہمی محبت اور سماجی انصاف جیسے بنیادی اقدار پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور اپنے عملی تجربات بھی حاضرین کے ساتھ شیئر کیے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے روشن مستقبل کے لیے ہم سب کو مل جل کر اپنی اپنی سطح پر مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔ سماجی خدمات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے کر ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے خاص طور پر مسلم برادری سے اپیل کی کہ وہ منصوبہ بندی کے ساتھ ایسا عمل اختیار کریں جس سے معاشرہ، گاؤں، شہر، ملک اور پوری انسانیت کو فائدہ پہنچے۔ اس سماجی رہنمائی تقریب میں علاقے کے علماء کرام، سماجی کارکنان، نوجوان، پولیس اہلکار، اساتذہ، طلبہ، افسران، ملازمین، سیاسی رہنما اورعام شہری کثیر تعداد میں موجود تھے ۔ تقریب ہذا کے اختتام سے قبل رسم شُکریہ جمعیت علماء لونار کے صدر ایڈوکیٹ حاجی محمد رضوان جڈّا نے ادا کی۔ بعد ازاں اجتماعی دعا کے ساتھ یہ پُروقار تقریب اپنے اختتام کو پہنچی۔