گیارہ کتابوں کے اجراء کا منفرد پروگرام ( از : محمد حامد رحمانی)
Author -
personحاجی شاھد انجم
جنوری 20, 2026
0
share
شیخ طریقت حضرت مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی زید مجدہم زبان و ادب کے شہسوار ، فن تحریر کے شناور ، وادی تصوف کے رمز شناس ، باکمال خطیب و ادیب ، خانقاہ رحمانیہ کے سجادہ نشین ، آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے سکریٹری ، وفاق المدارس والمکاتب کے بانی و جنرل سکریٹری ، ادارہ صوت الاسلام کے صدر ، مفسر قرآن اور محقق عالم دین ہیں ، کم عمری ہی میں آپ نے اپنی ظاہری و باطنی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا ہے اور کمال یہ ہے کہ اہل کمال سے داد وصول کی،
آج آپ کی ذات منبع رشد و ہدایت اور آپ کے نقش پا صراط مستقیم کے راہنما ہیں ، آپ کا فیض ملک بھر میں جاری ہے اور آپ کی آواز دنیا بھر میں پہونچ رہی ہے ، آپ کے شب و روز دین متین کی خدمت اور اس کی نشر و اشاعت میں گزر رہے ہیں ۔
آپ نے محض 16 سال کی عمر ہی میں عالم اسلام کی عظیم شخصیت مفکر اسلام حضرت مولانا سید محمد ولی رحمانی رحمۃ اللّٰہ علیہ کے دست حق پرست پر بیعت ہونے کا شرف حاصل کیا ، اس کے بعد "یک درگیر و محکم گیر" کی عملی تصویر بن گئے ، اسی عمر سے آپ نے اپنے مرشد سے اصلاحی مراسلت کا آغاز کیا اور بکثرت اپنے مرشد کو خطوط لکھتے رہے ، ان خطوط میں آپ اپنے احوال ، اعمال کیفیات ، معمولات ، خواب ، مکاشفات اور اپنی دینی کاوشیں غرض ہر چیز لکھتے اور دین و دنیا کے ہر معاملے میں اپنے مرشد سے رہنمائی حاصل کرتے تھے ، حضرت مفکر اسلام بڑے اہتمام سے اپنے اس سعادت مند مرید کے خطوط کے جوابات تحریر فرماتے اور ہر قدم پر بہترین رہنمائی کرتے ، حضرت مفکر اسلام کی وفات تک تقریبا اٹھارہ سال ان سے اصلاحی مراسلت کا سلسلہ حضرت مولانا نے جاری رکھا ، "مکتوبات مرشد" انہی تمام خطوط اور حضرت مفکر اسلام کے جوابات کا مجموعہ ہے ، اس کتاب کے مطالعے سے معلوم ہوگا کہ حضرت مفکر اسلام نے کس طرح بتدریج اپنے سعادت مرید کی تربیت فرمائی اور کس طرح تراش کر انہیں قیمتی ہیرا بنایا ؟ اس کتاب میں درحقیقت حضرت مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی مدظلہ العالی کی کامیابی اور ترقی کا راز پوشیدہ ہے ، نیز یہ کتاب حضرت مفکر اسلام کی دقت نظری اور بروقت صحیح رہنمائی کو بھی واضح کرتی ہے ۔ فقیر کا ذوق مکتوبات پڑھنے کا بچپن سے رہا ہے ، اس لیے بہت ساری اصلاحی مراسلتیں پڑھنے کا موقع ملا ، لیکن سچ کہتا ہوں کہ "مکتوبات مرشد" کے مطالعے سے طبیعت جتنی متاثر ہوئی اور کسی سے نہ ہوئی ، اس لیے کہ عموما مکتوبات کسی ایک فن میں ہوا کرتے ہیں ، لیکن مکتوبات مرشد متعدد فنون کی جامع ہے ، اسے پڑھ کر اہل تصوف راہ سلوک کے موتی چن لیں گے ، زبان و ادب کا طالب علم پڑھے تو اس کی بھی پیاس بجھے گی ، حصول علم کا طلبگار پڑھے تو علم میں اضافہ نصیب ہوگا ، فن تفسیر کا طالب علم پڑھے تو اس فن کی بہترین رہنمائی پا لے گا ،ہمت و حوصلہ بلند کرنے کے ارادے سے پڑھے تو ہمت و حوصلہ مضبوط پائے گا ، دین کی نشر و اشاعت کے سلسلے میں پڑھے تو دین کے کام کے نت نئے طریقے سے روشناس ہوگا ، عملیات و وظائف سے دلچسپی رکھنے والا پڑھے تو اس فن کی معلومات دستیاب کر لے گا ، تاریخ سے دلچسپی رکھنے والا پڑھے تو بہت سارے تاریخی حقائق کو جان لے گا ، اس کی فہرست حضرت مولانا منت اللہ رحمانی رحمۃ اللہ علیہ کی کتاب "مکاتیب گیلانی" کے طرز پر تیار کی گئی ہے جو خود ایک بڑا کارنامہ ہے ، اور اس میں شخصیات ، مقامات اور تحریکات وغیرہ پر حاشیہ بھی لگایا گیا ہے ، یہ بھی مشکل اور پر مشقت کام ہے ، غرض یہ کہ یہ کتاب متعدد فنون کی جامع ہے ۔ 28 جنوری 2026 بروز بدھ بعد نماز عشاء فورا بنکر لانس (انصار جماعت خانہ) مالیگاؤں میں حضرت مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی مدظلہ العالی کی 11 کتابوں (جن میں مکتوبات مرشد بھی شامل ہے) کا اجرا عمل میں آرہا ہے ، یہ تمام کتابیں نہایت اہم مواد پر مشتمل ہیں ، اجرا کے اس پروگرام میں شہر و بیرون شہر کی اہم علمی و ادبی شخصیات کی شرکت ہو رہی ہے اور یہ حضرات اپنے قیمتی خیالات کا اظہار بھی فرمائیں گے ، مالیگاؤں کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک ساتھ 11 کتابوں کا اجراء عمل میں آرہا ہے ، یہ پروگرام علمی و ادبی پروگراموں میں منفرد حیثیت کا حامل ہوگا بإذن اللہ ، آپ بھی اس میں ضرور شرکت فرمائیں ۔