کھام گاؤں ،ایک ہی دن دو جنازے، ایک گھرانے پر غم کا پہاڑ چچا کے انتقال کے چند گھنٹوں بعد سڑک حادثے میں نوجوان کی دردناک موت، شہر سوگوار
Author -
personحاجی شاھد انجم
جنوری 20, 2026
0
share
کھام گاؤں ، (واثق نوید)کھام گاؤں شہر میں ایک ایسا دل سوز واقعہ پیش آیا جس نے ہر آنکھ کو نم اور ہر دل کو مغموم کر دیا۔ ایک ہی گھرانے میں یکے بعد دیگرے دو اموات نے اہلِ خانہ ہی نہیں بلکہ پورے شہر کو شدید صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق شیخ سلیم شیخ سلطان کا اتوار 19 جنوری کو حرکتِ قلب بند ہو جانے کے باعث اچانک انتقال ہو گیا۔ مرحوم کی نمازِ جنازہ عصر کے بعد ادا کی گئی اور برڈے پلاٹ مسلم قبرستان میں تدفین عمل میں آئی۔ ابھی گھر میں تعزیت کا سلسلہ جاری ہی تھا کہ اسی روز ایک اور المناک سانحہ پیش آ گیا۔ اسی دن کھام گاؤں۔اکولہ روڈ پر پیش آئے ایک شدید سڑک حادثے میں شیخ سمیر شیخ امیر (عمر 18 سال) موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جب کہ حادثے میں تین دیگر نوجوان شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں اقبال خان قاسم خان (22)، نافع اکمل وقار احمد اور محمد فیضان محمد نثار شامل ہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر کھام گاؤں سرکاری دواخانے منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی علاج کے بعد ان کی نازک حالت کے پیش نظر اکولہ روانہ کیا گیا۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی شہر کی سماجی و سیاسی شخصیات اور عوام بڑی تعداد میں دواخانے پہنچ گئے۔ سابق رکن بلدیہ انیس جمعدار، رکن بلدیہ الحاج شہرت خان، رکن بلدیہ محمد نعیم، رکن بلدیہ عبدالرشید ، حافظ کریم، اسلم پٹیل، رحیم خان مولانا سمیت بڑی تعداد میں نوجوان فوری طور پر کھام گاؤں سرکاری دواخانے پہنچے اور زخمیوں کی عیادت کے ساتھ اہلِ خانہ کو دلاسہ دیا۔ دواخانے میں غم زدہ افراد کا ہجوم دیکھنے کو ملا اور فضا مکمل طور پر سوگوار رہی۔ ایک ہی دن میں ایک گھر سے دو جنازے اٹھنے کی خبر شہر اور بالخصوص برڈے پلاٹ علاقے میں تیزی سے پھیل گئی، جس کے بعد ہر طرف رنج و غم کی لہر دوڑ گئی۔ اہلِ خانہ شدید صدمے سے دوچار ہیں اور رشتہ داروں، دوستوں اور شہریوں کی بڑی تعداد تعزیت کے لیے پہنچ رہی ہے۔ شہر کے عوام نے اس المناک سانحے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کی مغفرت فرمائے، اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل عطا کرے اور زخمیوں کو جلد صحتِ کاملہ عطا فرمائے۔(آمین)