جمعیۃ علماء (مدنی روڈ) کے وفد کا جمہور نگر میں آتش زدہ مکانات کا دورہ
Author -
personحاجی شاھد انجم
جنوری 19, 2026
0
share
مالیگاؤں( پریس ریلیز )جمعیۃ علماء (مدنی روڈ) مالیگاؤں کے ایک وفد نے صدر جمعیۃ علماء مالیگاؤں مفتی محمد اسماعیل قاسمی کی ایماء پر جمہور نگر میں پیش آنے والے آتش زدگی کے واقعہ میں متاثرہ گھروں کا دورہ بروز پیر 19 جنوری 2026 بعد نماز ظہر کیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ جمعہ، 16 جنوری 2026 کو دوپہر تقریباً تین بجے جمہور نگر، گلی نمبر 7 میں شارٹ سرکٹ کے سبب مکان نمبر 40 میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ آگ لگنے کے فوراً بعد گھر میں موجود گیس سلنڈر کے پھٹنے سے آگ نے خوفناک شکل اختیار کرلی، جس کے نتیجے میں پورا مکان جل کر خاک ہوگیا۔ اس حادثہ میں پڑوس کے دو مکانات کو بھی جزوی نقصان پہنچا۔
اس واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم مکان میں مقیم دو بھائیوں کا تمام گھریلو اور رہائشی سامان جل کر راکھ ہوگیا۔ نقصانات میں بچوں کی اسکولی کتابیں، کاپیاں، الماریاں، پلنگ، میز، کپڑے اور دیگر ضروری گھریلو اشیاء شامل ہیں۔ متاثرہ افراد یومیہ مزدوری اور گیراج لائن سے وابستہ کام کر کے اپنا گزر بسر کرتے ہیں۔ متاثرین میں عبدالخالق شیخ نبی، صادق شیخ نبی، نورالدین اور امجد احمد کے نام شامل ہیں۔ جمعیۃ علماء کے ذمہ داران نے موقع پر پہنچ کر آتش زدہ مکانات کا معائنہ کیا، متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی اور ان سے ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔ اس وفد میں مولانا ظہیر ملی (صد، حلقہ نمبر5), حافظ جاوید (نائب صدر)، شریف رحمانی(جوائنٹ سیکریٹری)، انیس ٹیلر، شفیق الرحمان، مجیب الرحمن، حافظ نعیم الرحمان ، مفتی فضل الرحمن(امام، مسجد امیر حمزہ)، حافظ محفوظ، نفیس انصاری، عارف بھائی، حافظ مبین فاروقی، شفیق سر اور ڈاکٹر ساجد نعیم (منصورہ انجینئرنگ کالج) شامل تھے۔