امڑاپور ، سر سید احمد خان اردو جونیئر کالج کا تین روزہ اسپورٹس فیسٹیول کامیابی سے اختتام پذیر
Author -
personحاجی شاھد انجم
جنوری 25, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید)سر سید احمد خان اردو جونیئر کالج آف آرٹس اینڈ سائنس، امڑاپور میں 19 تا 21 جنوری 2026 تین روزہ سالانہ اسپورٹس فیسٹیول نہایت جوش و خروش اور نظم و ضبط کے ساتھ منعقد ہوا۔
اس کھیلوں کے میلے کا مقصد طلبہ میں جسمانی صحت کے فروغ کے ساتھ ساتھ نظم و ضبط، ٹیم ورک اور خود اعتمادی پیدا کرنا تھا، جس میں طلبہ نے بھرپور شرکت کی۔
کھیلوں کے اس میلے کا آغاز 19 جنوری کو ایک سادہ مگر پروقار افتتاحی تقریب سے ہوا، جس میں ادارے کے صدر جناب شیخ اعظم صاحب نے پرچم کشائی انجام دی۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ تعلیم کے ساتھ کھیل طلبہ کی ہمہ جہت شخصیت سازی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور نوجوانوں کو عملی زندگی کے چیلنجز کے لیے تیار کرتے ہیں۔ تین دنوں تک کالج کا وسیع میدان کھیلوں کی سرگرمیوں سے آباد رہا۔ کرکٹ، کبڈی، والی بال، کھو کھو اور رسی کھینچ جیسے کھیلوں کے علاوہ شطرنج اور کیرم کے مقابلے بھی منعقد کیے گئے، جبکہ میوزیکل چیئر، دوڑ اور لیمو چمچہ ریس جیسے تفریحی مقابلوں نے ماحول کو خوشگوار بنائے رکھا۔ طلبہ نے ہر مقابلے میں جوش، نظم و ضبط اور اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ کیا۔ تمام مقابلے ضلعی کوچ اور ادارے کے استاد جناب محمد معین اختر سر کی نگرانی میں منعقد ہوئے، جن کی فنی مہارت اور تجربے نے اسپورٹس فیسٹیول کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ اس موقع پر کالج کے پرنسپل جناب ظفر پٹیل صاحب نے کہا کہ جیت اور ہار کھیل کا حصہ ہیں، اصل کامیابی خود اعتمادی اور برداشت کو فروغ دینا ہے۔ کالج کے اساتذہ رضوان اللہ خان، محمد عابد سر، شعیب اللہ خان سر، عبدالرحمن خان سر، سہیل خان سر، سمیر سر، جواد سر اور توفیق سر کی موجودگی نے مقابلوں کو مزید تقویت بخشی اور طلبہ کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ تین روزہ اسپورٹس فیسٹیول خوشگوار یادوں کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ انتظامیہ نے اعلان کیا کہ فاتح ٹیموں اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو کالج کی سالانہ گیدرنگ کے موقع پر انعامات، ٹرافیوں اور اسناد سے نوازا جائے گا۔ یہ اسپورٹس فیسٹیول امڑاپور کے تعلیمی حلقوں میں ایک کامیاب اور یادگار سرگرمی کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔