شیگاؤں ، شریف ساجد کے مجموعۂ کلام “متاعِ رنج و الم” کی رونمائی، یادگار مشاعرہ منعقد
Author -
personحاجی شاھد انجم
جنوری 12, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) ادبی روایتوں کے امین شہر شیگاؤں میں اردو ادب کی ترویج و فروغ کا ایک یادگار منظر اس وقت دیکھنے میں آیا جب بزرگ شاعر شریف ساجد شیگانوی کے پہلے مجموعۂ کلام “متاعِ رنج و الم” کی رسمِ اجرا نہایت وقار و شان کے ساتھ انجام پائی۔ کتاب کی رونمائی معروف سماجی خدمت گزار ڈاکٹر اسلم خان کے دستِ مبارک سے عمل میں آئی، جبکہ تقریب کی صدارت شہر کے معتبر شاعر سلیم الدین عامر نے فرمائی۔ اس موقع پر محمد وسیم پٹیل، شیخ مختار ٹھیکدار، شیخ جبّار ٹھیکیدار، محمد ندیم پٹیل، محمد ساجد عرف امجد بھائی اور عمران خان پٹھان بطور مہمانانِ خصوصی اسٹیج پر موجود تھے۔ کتاب کی رسمِ اجرا کے بعد ایک عظیم الشان مشاعرے کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں علاقۂ برار کے ممتاز اور معروف شعرائے کرام نے شرکت کرکے محفل کو ادب و شعور کی خوشبو سے معطر کردیا۔ مشاعرے کا باوقار آغاز فاروق رضاؔ کی مترنم نعتِ رسولؐ سے ہوا۔ بعد ازاں سلیم الدین عامرؔ، التمش شمسؔ، معین ادیب علیمیؔ، خبیب تابشؔ، انیس شوقؔ، یٰسین زاہدؔ، فاروق رضاؔ، شہزاد انورؔ، عقیل ساحرؔ، ایڈوکیٹ متین طالبؔ، راحیل انجم، عبدالرحمٰن فارضؔ، امین خان وسیمؔ، اظہر عاطفؔ، ابوذر طلحہؔ اور عطا اللہ عاطفؔ نے اپنا منتخب کلام پیش کیا، جسے سامعین نے بھرپور داد و تحسین سے نوازا۔ مشاعرے کی نظامت معروف ناظمِ مشاعرہ ایڈوکیٹ متین طالبؔ نے نہایت خوش اسلوبی سے انجام دی۔ پروگرام کی کامیابی میں نوجوانانِ محلہ شہر، فرشی شیگاؤں، شریف ساجد کے اہلِ خانہ اور انیس شوقؔ کی خدمات قابلِ ستائش رہیں۔ یہ ادبی نشست شیگاؤں کی ادبی فضا کو مزید مضبوط کرنے کا ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوئی۔