میونسپل کارپوریشن کا الیکشن : شہریان کے آنے والے کل کا فیصلہ ہے " نوٹوں کے بدلے ووٹ کا سودا نہ کریں" جماعتِ اسلامی ہند مالیگاؤں کی شہریانِ مالیگاؤں کے ووٹ دہندگان سے اپیل
Author -
personحاجی شاھد انجم
جنوری 13, 2026
0
share
مالیگاؤں (پریس ریلیز) 15 جنوری 2026 کو میونسپل کارپوریشن کا الیکشن ہورہا ہے جس میں شہر کے بالغ رائے دہندگان اپنے ووٹوں سے شہر کے چوراسی ( 84) نمائندے ( کارپوریٹرس) کا انتخاب کریں گے اور اکثریتی گروپ کا قائد شہر کا اولین شہری یعنی میئر کی حیثیت سے شہر کی تعمیری، تعلیمی، طبی و بنیادی لازمی ضروریات کے ساتھ ترقی و روزگار کی مختلف اسکیموں کے نفاذ کے لیے ضروری اقدامات و کوشش کرے گا لیکن مادہ پرستی، عہدے کی بے جا خواہشات، بالادستی کی نفسیاتی برتری کے خمار نے اس خدمتِ خلق کے اہم ذریعے کو نمائشی بنا کر رکھ دیا ہے،
روپیوں کی ریل پیل، اقرباء پروری، مذہبی تعصب، ذات پات کی چیخ و پکار نے سیاست کو آلودہ کردیا ہے مگر جمہوریت و طرزِ حکومت ہے جس میں بندوں کو گنا جاتے ہے اس لیے ایوان میں ایسے افراد ( نمائندوں) کو منتخب (ووٹ دیا جائے) کیا جائے جو قوم و ملت کے اجتماعی مفادات کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہوں، تعلیمی، تعمیری، طبی سہولیات و ترقی کے لیے کام کرنے کا جذبہ رکھتے ہوں، شہری ترقی کا احساس، ادراک اور منصوبہ رکھتے ہوں،
نوجوانوں کے روزگار کی مختلف اسکیموں کے واقف کار ہوں، خواتین کے لیے گھریلو روزگار، معذور افراد کے لیے خصوصی مالیاتی اسکیم کی پلاننگ جانتے ہوں، غریب عوام کے علاج و معالجہ کے لیے سرکاری دواخانوں، ہیلتھ سینٹر کے قیام و فعالیت کے لیے کوشش کرنے والے ہوں ، شہر میں مفت و لازمی بنیادی تعلیم کے مراکز یعنی پرائمری اسکولوں کی تعمیر ترقی و انفرا اسٹرکچر کی افادیت سے آگاہ ہوں اور اس طرح کے ترقیاتی کاموں کے طویل مدتی و مختصر میعادی منصوبوں پر کام کرنے و منصوبہ رکھنے اور سوچ و فکر رکھنے والے عوامی نمائندوں کا انتخاب اپنے قیمتی ووٹوں سے کریں.
اس طرح کا پیغام و اپیل ملک کی طول و عرض میں گزشتہ 78 سالوں سے ملک و ملت میں مذہبی شعور کو بیدار کرنے، دعوتِ دین کا فریضہ انجام دینے، اصلاحِ معاشرہ اور تعلیمی و سماجی بیداری کے لیے کوشاں ملک گیر تحریک جماعت اسلامی ہند مالیگاؤں کے امیرِ مقامی شاہد اقبال محمد رمضان اور ناظم ضلع ناشک فیروز اعظمی نے جماعتِ اسلامی ہند حلقہ مہاراشٹر کے شعبہ ملی و ملکی امور کی ایماء پر اخبارات کے توسط سے جاری کیا _
دونوں صاحبان نے اپنی مشترکہ پریس ریلیز میں جماعت اسلامی کی سیاسی فکر و اصول کی روشنی میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن میں جذبات سے نہیں ہوش سے کام لیں، ذات برادری، پارٹی، شخصیت سے اوپر اُٹھ کر سوچیں، یہ انتخاب مستقبل کی راہوں کو طے کرے گا، صرف روڈ، گٹر، نالی کی رٹ نہ لگائیں بلکہ تعلیم، صحت، طبی سہولیات اور روزگار اہم ہیں،
ووٹ کے بدلے نوٹ لیں گے تو کرپشن، رشوت خوری کو عروج حاصل ہوگا اور محرومی ہی مقدر بنے گی، اس لیے اپنے قیمتی ووٹ بلا تفریق مذہب، برادری، پارٹی کے ایسے شخص کو دیں جو ایمان دار ہو، عوام کے درد کو، ضروریات کو سمجھتا ہو، ذاتی ترقی کی بجائے شہری و سماجی ترقی کا خواہاں ہو اور سب سے بڑھ کر خدمت خلق کو عبادت سمجھتا ہو _
سلسلہ کلام کو جاری رکھتے ہوئے دونوں صاحبان نے شہریان کو متنبہ کیا کہ خبردار اپنا ووٹ فروخت نہ کریں، بالخصوص نوجوان تفریح موج مستی پارٹی کے خرچ وصولی کے نام پر خاندان اور محلے کی ووٹوں کا سودا نہ کریں آج آپ ووٹ بیچو گے کل ووٹوں کے سوداگر شہر بیچ دیں گے _
الیکشن پانچ سال میں ایک بار آتا ہے ہمیں گلی محلے اور سماج میں مستقل رہنا ہے اس لیے صرف لیڈر اور الیکشن کے لیے آپسی تعلقات کو خراب نہ کریں، لڑائی جھگڑے سے دور رہیں،
کارپوریشن الیکشن میں جماعتِ اسلامی ہند مالیگاؤں کی پالیسی واضح کرتے ہوئے ذمہ داران نے یہ واضح کردیا کہ جماعتِ اسلامی ہند مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن الیکشن میں کسی مخصوص سیاسی پارٹی، فرد کی حمایت میں اجتماعی طور پر اپیل نہیں کرتی ہے.
بلکہ درج بالا بیان کی روشنی میں جماعتِ اسلامی ہند مالیگاؤں کے اراکین، کارکنان، وابستگان اور اس کی ذیلی تنظیمیں ایس آئی او، جی آئی او، حلقہ خواتین، مجلس العلماء، آئیٹا و دیگر منسلکہ تنظیمیں اس کی روشنی اپنے اپنے حلقہءِ انتخاب میں امیدواروں کو ووٹ دیں گے اور ذہن سازی کے لیے خاموشی سے کام کریں گے _
ایس آئی آر کے ممکنہ آغاز کی روشنی میں شہریان سے اپیل ہے کہ وہ لازمی طور پر ووٹ دیں تاکہ سند رہے، ووٹ دینا ہماری دستوری ذمہ داری اور آئینی حق ہے _ اس الیکشن میں ہم عہد کرتے ہیں اور شہریان کو بھی عہد کرنے کا پیغام دیتے ہیں کہ " ووٹ نہ بیچیں گے اور نہ بکنے دیں گے، شہر کے مستقبل کا سودا نہیں کریں گے اور نہ کسی کو کرنے دیں گے" ان شاءاللہ شہر کی تعمیر، تعلیم، ترقی اور طبی سہولیات کے لیے خود بھی فکرمند رہیں گے اور ذمہ داران کو بھی متوجہ کرتے رہیں گے _
اس طرح کی پریس ریلیز جماعتِ اسلامی ہند مالیگاؤں کے میڈیا انچارج نے جاری کی ہے