مکہ مکرمہ، (یو این آئی,سیاست) سعودی عرب میں ادارہ امورحرمین شریفین نے مسجد الحرام اور مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں رمضان المبارک کے آخری عشرے میں اعتکاف کرنے والوں کیلئے رجسٹریشن کا آغاز کردیا ہے ۔
میڈیا کے مطابق اعتکاف کے رجسٹریشن کے لیے ادارہ حرمین کی ویب سائٹ پر سہولت فراہم کی گئی ہے ۔ اعتکاف کرنے کے خواہشمند مرد و خواتین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ادارے کی ویب سائٹ پر اپنا اکاونٹ بنائیں یا اگر ان کا اکاونٹ موجود ہے تو اس کے ذریعے لاگ ان کریں۔
رپورٹس کے مطابق مسجد الحرام اورمسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں اعتکاف کا آغاز 20 رمضان المبارک سے ہوگا جو 30 رمضان المبارک (شوال کا چاند دکھائی دینے تک) رہیگا۔ ادارہ امورحرمین کے مطابق اعتکاف کے لیے تعداد محدود ہے اس حوالے سے خواہشمند اپنا اکاؤنٹ جلد مکمل کرلیں۔ مقررہ تعداد مکمل ہونے پر رجسٹریشن کا عمل بند کردیا جائے گا۔ واضح رہے حرمین شریفین میں رمضان المبارک کے آخری عشرے میں اندرون اور بیرون مملکت سے بڑی تعداد میں لوگ اعتکاف میں بیٹھنے کے خواہاں ہوتے ہیں۔