بلڈھانہ ، مہاراشٹر راجیہ اردو شکشک سنگھٹنا کی مؤثر پیش قدمی ضلع ایجوکیشن افسر (پرائمری) سے مسائل کے حل پر سنجیدہ و نتیجہ خیز گفتگو
Author -
personحاجی شاھد انجم
فروری 19, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) اردو اساتذہ کے تعلیمی، تدریسی اور انتظامی مسائل کے حل کی جانب ایک مثبت اور حوصلہ افزا قدم کے طور پر مہاراشٹر راجیہ اردو شکشک سنگھٹنا کے ذمہ داران نے ضلع پریشد بلڈھانہ میں ضلع ایجوکیشن افسر (پرائمری) وکاس پاٹل سے ان کے دفتر میں خیرسگالی ملاقات کی۔
اس موقع پر افسر موصوف کا تنظیمی ذمہ داران نے پرتپاک استقبال کیا۔ ملاقات کے دوران کھام گاؤں پنچایت سمیتی کے اردو اساتذہ کو درپیش مختلف دیرینہ مسائل پر تفصیلی اور سنجیدہ تبادلۂ خیال کیا گیا۔ بالخصوص گروپ بیمہ (گٹ بیما)، نیو شرنی، ترقیٔ عہدہ (پرموشن)، تقرری و تبادلہ (رموشن)، سینچ مانیتا، میڈیکل بل اور دیگر اہم امور کو منظم انداز میں ایجوکیشن افسر کے سامنے رکھا گیا۔ تنظیم کی جانب سے ریاستی جوائنٹ سیکریٹری واثق نوید، علاقائی نائب صدر محمد فاروق، ضلع صدر سید تنویر اور محمد حنیف نے اساتذہ کے مسائل کی وضاحت مدلل اور سنجیدہ انداز میں کی، جسے ایجوکیشن افسر نے نہایت توجہ سے سنا۔ ضلع ایجوکیشن افسر (پرائمری) وکاس پاٹل نے اس موقع پر یقین دہانی کرائی کہ وہ مثبت سوچ اور تعمیری نقطۂ نظر کے ساتھ اردو اساتذہ سے متعلق تمام زیرِ التواء معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی مخلصانہ کوشش کریں گے اور ان کاموں کو جلد از جلد پایۂ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔ مہاراشٹر راجیہ اردو شکشک سنگھٹنا کی اس فعال، منظم اور بامقصد نمائندگی کو اردو تعلیمی حلقوں میں سراہا جا رہا ہے، اور اس ملاقات کو اساتذہ کے مسائل کے حل کی سمت ایک اہم اور امید افزا پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔