کھام گاؤں ، پربھاگ نمبر 2 میں ترقی کی نئی پہچان جدید گارڈن آخری مراحل میں، رکن اسمبلی آکاش فونڈکر کی عوام دوست پہل
Author -
personحاجی شاھد انجم
فروری 19, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) پربھاگ نمبر 2 کی تقدیر بدلنے والی ایک بڑی ترقیاتی کاوش اپنے اختتامی مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔ مسلم اکثریتی علاقے میں عوام کی صحت، تفریح اور سماجی فلاح کے پیشِ نظر ایڈوکیٹ آکاش فونڈکر (رکن اسمبلی و کامگار منتری) کی خصوصی دلچسپی سے لاکھوں روپے کی لاگت سے ایک جدید اور خوبصورت گارڈن کی منظوری دی گئی، جس پر تیزی سے کام جاری ہے۔
حضرت حفیظ اللہ خان بدر روڈ پر ٹیچر کالونی کے اوپن اسپیس میں تعمیر ہونے والا یہ گارڈن نہ صرف علاقے کی خوبصورتی میں اضافہ کرے گا بلکہ عوامی صحت و تفریح کا مرکز بھی بنے گا۔
گارڈن میں مارننگ واک کے لیے معیاری ٹرف، بچوں کی تفریح اور کھیل کود کے لیے جدید لوازمات، جبکہ ورزش کے شوقین افراد کے لیے جدید مشینری نصب کی جا رہی ہے—جو اسے ایک ہمہ جہت عوامی سہولت بناتی ہے۔ کام کے معیار اور رفتار کا جائزہ لینے کے لیے نگر پریشد باندھ کام کمیٹی کے صدر ستیش اپپا اور رکن اسمبلی آکاش فونڈکر کے معتمدِ خاص دلیپ گپتا نے موقع پر دورہ کیا۔ انہوں نے ٹھیکیدار سے گفتگو کرتے ہوئے ہدایت دی کہ تعمیراتی کام مضبوطی، اعلیٰ معیار اور مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔ اس موقع پر پربھاگ نمبر 2 کے عوامی نمائندوں اور معززین کی قابلِ ذکر موجودگی رہی، جن میں رکن بلدیہ حجّن نسیم بانو کے فرزند الحاج شہرت خان، سابق اراکینِ بلدیہ ادریس جمعدار ، سابق رکن بلدیہ ذکیہ بانو کے شوہر انیس جمعدار، پربھاگ کی معزز شخصیت الحاج سکندر خان عباس خان ، نیز سجن پوری کے سرپنچ سید مظفر عرف مجو سرپنچ اور دیگر مقامی افراد شامل تھے۔ تقریب کے دوران الحاج شہرت خان نے اس عظیم الشان منصوبے کے لیے خطیر رقم کی فراہمی اور ذاتی دلچسپی پر رکن اسمبلی آکاش فونڈکر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مسلم بستی میں اس قدر جدید اور قیمتی سہولیات سے آراستہ گارڈن ایک تاریخی اقدام ہے، جو آنے والی نسلوں کے لیے صحت مند ماحول فراہم کرے گا۔ قابلِ ذکر ہے کہ رکن اسمبلی آکاش فونڈکر نے شہر بھر میں تعمیراتی و ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ ساتھ عوامی صحت اور تفریح کے فروغ کے لیے متعدد خوبصورت گارڈنز قائم کرائے ہیں۔ مسلم علاقے میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا گارڈن ہے، جس سے ٹیچر کالونی، نور کالونی، ملت کالونی، احباب کالونی، ضیاء کالونی، آزاد نگر (ہری فیل)، اقصیٰ کالونی اور شہر کے دیگر علاقوں کے مکین بلا تفریق مستفید ہو سکیں گے— اور یہ منصوبہ علاقے میں ترقی، شمولیت اور خوشحالی کی روشن مثال بن کر ابھرے گا۔