واشم ، ممتاز معلم و شاعر قیصر احمد قیصر سبکدوش، تعلیمی حلقوں میں خراجِ تحسین
Author -
personحاجی شاھد انجم
مئی 02, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) ضلع واشم کے معروف معلم، خوش فکر شاعر اور ہر دلعزیز شخصیت جناب قیصر احمد قیصر 30 اپریل کو اپنی طویل اور شاندار ملازمت سے باوقار انداز میں سبکدوش ہو گئے۔
انہوں نے تقریباً تین دہائیوں پر محیط اپنے تدریسی سفر میں نہایت دیانت داری، فرض شناسی اور لگن کے ساتھ شعبۂ تعلیم کی خدمت انجام دی۔
قیصر احمد قیصر ضلع پریشد اردو اسکول، شیرپور جین (تحصیل مالیگاؤں، ضلع واشم) میں صدر مدرس کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔
اپنے تدریسی دور میں انہوں نے طلبہ کی ہمہ جہت ترقی، اخلاقی تربیت اور تعلیمی معیار کی بہتری پر خصوصی توجہ دی، جس کے نتیجے میں وہ طلبہ، اولیاء اور اساتذہ میں یکساں طور پر مقبول رہے۔ ان کی خوش اخلاقی، سنجیدگی اور مثبت طرزِ عمل نے انہیں ایک باوقار اور مثالی معلم کے طور پر ممتاز کیا۔ وہ مہاراشٹر راجیہ اردو شکشک سنگھٹنا کے ایک فعال اور متحرک رکن بھی رہے۔ تنظیمی سطح پر انہوں نے اساتذہ کے مسائل کے حل، ان کے حقوق کے تحفظ اور تعلیمی نظام کی بہتری کے لیے نمایاں کردار ادا کیا۔ ان کی خدمات کو تعلیمی حلقوں میں ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا رہا ہے۔ ادبی میدان میں بھی قیصر احمد قیصر نے اپنی منفرد شناخت قائم کی۔ وہ ایک صاحبِ ذوق شاعر ہیں، جن کی تخلیقات میں فکری گہرائی اور سماجی شعور نمایاں نظر آتا ہے۔ تدریسی خدمات کے ساتھ ساتھ ادب سے ان کی وابستگی ان کی ہمہ جہت شخصیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ذاتی زندگی میں بھی وہ ایک ذمہ دار، مخلص اور بااخلاق انسان کے طور پر جانے جاتے ہیں، جنہوں نے اپنے اہلِ خانہ کی بہترین تربیت اور نگہداشت کو ہمیشہ اولین ترجیح دی۔ان کی سبکدوشی کے موقع پر تعلیمی، ادبی اور سماجی حلقوں کی جانب سے انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔ مقررین نے ان کی خدمات کو سنہرے الفاظ میں یاد کرتے ہوئے کہا کہ قیصر احمد قیصر جیسے مخلص اور باصلاحیت اساتذہ تعلیمی میدان کا قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں۔آخر میں ان کی صحت، خوشحالی اور آئندہ زندگی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔