بلڈھانہ ، اردو مراکز (کیندر) کے قیام میں تاخیر پر تنظیم کی تشویش، ضلع پریشد سی ای او کو میمورنڈم پیش
Author -
personحاجی شاھد انجم
اپریل 26, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) مہاراشٹر راجیہ اردو شکشک سنگھٹنا کے ضلع صدر سید تنویر احمد اور ضلع سیکرٹری محمد عرفان نے ضلع پریشد بلڈھانہ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سے ملاقات کرتے ہوئے ایک اہم میمورنڈم پیش کیا۔
اس موقع پر انہوں نے اردو اسکولوں کے تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لیے اردو کیندر پرمکھ کے عہدے کے قیام اور اس پر فوری عمل آوری کا مطالبہ کیا۔ تنظیم کے نمائندوں نے بتایا کہ حکومتِ مہاراشٹر نے اردو اسکولوں کی مؤثر نگرانی، جانچ اور معیارِ تعلیم میں بہتری کے لیے اردو کیندر پرمکھ کی تجویز کو منظوری دیتے ہوئے ضروری ہدایات جاری کی تھیں، تاہم ضلع بلڈھانہ میں اب تک اس سلسلے میں کوئی ٹھوس پیش رفت نظر نہیں آ رہی ہے، جس پر اساتذہ میں تشویش پائی جا رہی ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مجوزہ کیندر پرمکھ کی پرموشن سے قبل اس اہم مسئلے پر فوری توجہ دی جائے، تاکہ اردو اسکولوں کے انتظامی و تعلیمی امور کو مؤثر انداز میں منظم کیا جا سکے۔ اس ضمن میں چیف ایگزیکٹو آفیسر نے مثبت ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ اس معاملے پر فوری کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے اسی وقت میمورنڈم کو ضلع ایجوکیشن آفیسر کے پاس روانہ کر دیا تاکہ ضروری اقدامات جلد از جلد عمل میں لائے جا سکیں۔ آخر میں تنظیمی عہدیداران نے امید ظاہر کی کہ ضلع انتظامیہ اس سنجیدہ معاملے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی اور اردو اسکولوں کے مفاد میں جلد مناسب فیصلے کیے جائیں گے۔ واضح رہے کہ مہاراشٹر راجیہ اردو شکشک سنگھٹنا ریاست بھر میں اردو کیندر پرمکھ کے قیام کے مطالبے کو لے کر ایم اے غفار کی قیادت میں مسلسل جدوجہد کر رہی ہے، جسے اردو حلقوں میں کافی سراہا جا رہا ہے۔