مشکلات کے باوجود عزم کی جیت ،اقصیٰ مہک کی شاندار کامیابی ایمس ناگپور کے کانووکیشن میں اعزاز
Author -
personحاجی شاھد انجم
اپریل 22, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) مضبوط ارادوں اور مسلسل محنت کی ایک متاثر کن مثال قائم کرتے ہوئے اقصیٰ مہک رضوان اللہ خان نے تمام تر مشکلات کے باوجود اپنے خواب کو حقیقت میں بدل دیا اور All India Institute of Medical Sciences (AIIMS) ناگپور سے کامیابی کے ساتھ تعلیم مکمل کرلی۔ حال ہی میں منعقدہ دوسرے کانو وکیشن 2026 میں صدرِ جمہوریہ ہند دروپدی مرمو نے بطور مہمانِ خصوصی مدعو تھیں ۔
اس موقع پر کامیاب طلبہ میں ڈگریاں تقسیم کیں، جہاں اقصیٰ کو بھی نمایاں کارکردگی پر اعزاز سے نوازا گیا۔ اقصیٰ کا تعلیمی سفر آسان نہیں تھا۔ آغاز ہی میں والد کے انتقال جیسے صدمے اور مسلسل رکاوٹوں کے باوجود انہوں نے ہمت نہیں ہاری اور مستقل مزاجی کے ساتھ اپنی منزل کی جانب بڑھتی رہیں۔ ا ن کی یہی استقامت بالآخر کامیابی میں تبدیل ہوئی۔ قابل ذکر ہے کہ اس بیچ میں 125 طلبہ شامل تھے، جن میں 2 مسلم طالبات اور 4 مسلم طلبہ کی کامیابی اقلیتی نمائندگی کے لحاظ سے حوصلہ افزا رہی۔ ضلع اکولہ کے ایک معزز علمی و تعلیمی گھرانے سے تعلق رکھنے والی اقصیٰ نے دورانِ تعلیم مسلسل نمایاں کارکردگی دکھائی۔ ان کی اس کامیابی میں والدہ غازیہ آفتاب کی تربیت و رہنمائی اور خاندان کے بزرگوں کی دعاؤں کا خصوصی کردار رہا۔ اقصیٰ کی یہ کامیابی نہ صرف ان کے خاندان بلکہ پورے علاقے کے لیے باعثِ فخر ہے اور نوجوانوں کے لیے ایک روشن مثال بھی کہ عزم و حوصلہ ہو تو ہر مشکل آسان ہو جاتی ہے۔