صفا فاؤنڈیشن کا تربیتی پروگرام ایک مفید اقدام نوجوان افراد اور ازدواجی جوڑے ضرور شرکت کریں! مفتی محمد اسماعیل قاسمی (صدر جمعیت علماء ،مالیگاؤں)
Author -
personحاجی شاھد انجم
اپریل 20, 2026
0
share
نکاح ہمارے آقا صلی اللہ علیہ وسلم کی ایسی بابرکت سنت ہے ، جس کے نتیجے میں عفت و پاک دامنی اور چین و سکون جیسی بیش بہا نعمتیں میسر آتی ہیں، البتہ نکاح کرنے کے ساتھ یہ بھی ضروری ہے کہ زوجین نکاح سے متعلق اسلام کی معاشرتی اور اخلاقی تعلیمات سے واقفیت حاصل کرکے ان کے مطابق زندگی گزاریں، خصوصاً آپ علیہ السلام اور ازواج مطہرات کی گھریلو زندگی کا مطالعہ کریں ۔ افسوس کہ زیادہ تر افراد نکاح تو کرلیتے ہیں لیکن یہ جاننے اور سیکھنے کی کوشش نہیں کرتے کہ نکاح کے بعد زندگی کیسے بسر کی جائے ؟ میاں بیوی کے حقوق اور فرائض کیا ہیں ؟ ایک عورت اپنے سسرال میں کیسے زندگی گزارے ؟ اور مرد اپنی بیوی کے ساتھ کیسا سلوک کرے ؟ افسوس کہ ہمارے معاشرے میں اس سلسلے میں تربیت کا کوئی پختہ اور منظم نظام بھی نہیں ہے ۔اگر نوجوان افراد کو ان کے نکاح سے پہلے (یا نکاح کے بعد) ازدواجی و گھریلو زندگی سے متعلق اسلامی ہدایات سے واقف کرا دیا جائے، خصوصا میاں بیوی کو ایک دوسرے کی ذمہ داریاں بتادی جائیں تو بڑی حد تک اختلافات پر قابو پایا جاسکتا ہے اور ان کی ازدواجی و گھریلو زندگی خوشگوار ہوسکتی ہے۔ خوشی کی بات ہے کہ صفا فاؤنڈیشن کے اراکین اس سلسلے میں فکرمند ہیں اور سرگرم عمل بھی! انہوں نے 22 اپریل بروز بدھ بعد نماز عشاء اردو گھر مالیگاؤں میں نوجوان ازدواجی جوڑوں کے لیے pre marriage course کے عنوان سے ایک مفید تربیتی پروگرام منعقد کیا ہے ، جس میں شادی شدہ افراد اور ایسے نوجوان مرد و خواتین جن کا عنقریب نکاح ہونے والاہے، ان کی تربیت اور رہنمائی کی جائے گی۔ بلاشبہ یہ ایک اچھا اقدام ہے اور ایک اہم ضرورت کی تکمیل بھی! میں صفا فاؤنڈیشن کے اراکین کو اس بامقصد پروگرام کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتا ہوں اور شادی شدہ مرد و خواتین خصوصا جن نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کا نکاح ہونے والا ہے ، ان سے گزارش کرتا ہوں کہ اس تربیتی پروگرام میں اہتمام کے ساتھ شرکت کریں۔ اللہ پاک اس پروگرام کو اپنے مقصد میں کامیابی عطا کرے اور مستقبل میں اس کے خوشگوار اثرات معاشرے پر مرتب فرمائے (آمین)