امراوتی ، اردو اساتذہ کے مسائل پر رکنِ پارلیمنٹ سے نمائندہ وفد کی اہم ملاقات
Author -
personحاجی شاھد انجم
اپریل 14, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) بھارت رتن ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کی جینتی کے موقع پر اردو اساتذہ تنظیموں کے ایک مشترکہ وفد نے امراوتی کے رکنِ پارلیمنٹ بلونت وانکھڑے سے ملاقات کرتے ہوئے اساتذہ کو درپیش دیرینہ اور اہم مسائل پر تفصیلی گفتگو کی۔
ثناء بک ڈپو انجمن چوک مالیگاؤں حاجی شاہد انجم
9270416786
یہ وفد مہاراشٹر راجیہ اردو شکشک سنگھٹنا اور اکھل بھارتیہ اردو شکشک سنگھٹنا کے نمائندوں پر مشتمل تھا، جس میں ضلعی صدران جاوید اقبال جوہر اور وسیم فرحت نے کلیدی کردار ادا کیا۔ وفد نے پرائمری اور سیکنڈری سطح کے اساتذہ کو درپیش مسائل، خصوصاً سروس شرائط، ترقی کے التوا، تنخواہوں میں بے ضابطگیوں اور انتظامی رکاوٹوں کو تفصیل کے ساتھ پیش کیا۔ وفد نے واضح کیا کہ ترقیاتی عمل میں غیر ضروری تاخیر نہ صرف اساتذہ کے پیشہ ورانہ مستقبل کو متاثر کر رہی ہے بلکہ تعلیمی نظام پر بھی منفی اثر ڈال رہی ہے۔ اس موقع پر مضمون اساتذہ، ہیڈماسٹر، سینٹر ہیڈ اور ایکسٹینشن آفیسر کے عہدوں پر فوری ترقی، زیر التوا فائلوں کی جلد یکسوئی اور اہل اساتذہ کو انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا گیا۔ اساتذہ کی تنخواہوں کی بروقت ادائیگی کا مسئلہ بھی زور و شور سے اٹھایا گیا، جہاں ہر ماہ کی پہلی تاریخ کو تنخواہ کی یقینی ادائیگی اور تاخیر کے خاتمے پر زور دیا گیا۔ اسی طرح سینئر گریڈ اور سلیکشن گریڈ کے معاملات میں تاخیر کو اساتذہ کی مالی اور پیشہ ورانہ ترقی میں بڑی رکاوٹ قرار دیتے ہوئے فوری حل کا مطالبہ کیا گیا۔ ملاقات کے دوران تبادلہ پالیسی میں شفافیت، سروس بکس کی خامیوں کی اصلاح، اسکولوں میں عملے کی کمی اور اردو میڈیم تعلیمی اداروں میں بنیادی سہولیات کی بہتری جیسے اہم نکات بھی زیر بحث آئے۔ وفد نے اردو میڈیم طلبہ کے تعلیمی معیار کو بلند کرنے کے لیے عملی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ رکنِ پارلیمنٹ بلونت وانکھڑے نے وفد کی پیش کردہ تمام تجاویز و مطالبات کو سنجیدگی سے سنتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ وہ متعلقہ حکام سے رابطہ قائم کر کے ان مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کریں گے۔ اس موقع پر دریاپور تعلقہ شاخ کے صدر ارشاد احمد سمیت دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔ اس ملاقات کو اساتذہ کے مسائل کے حل کی جانب ایک مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔