ممبئی میں اعزاز کا جشن ، تاج الدین ہمدولے کی جانب سے واثق نوید کے اعزاز میں پُرتکلف ضیافت ریاستی مثالی مدرس ایوارڈ پر شاندار استقبال، دعاؤں اور نیک تمناؤں کا اظہار
Author -
personحاجی شاھد انجم
اپریل 08, 2026
0
share
کھام گاؤں (نمائندہ) برار کی معروف تعلیمی و ادبی شخصیت، واثق اللہ خان المعروف واثق نوید کو حال ہی میں ہیپی ٹو ہیلپ فاؤنڈیشن کی جانب سے ان کی ہمہ جہتی تعلیمی و سماجی خدمات کے اعتراف میں "ریاستی مثالی مدرس ایوارڈ" سے سرفراز کیا گیا۔
یہ باوقار اعزاز ایک شاندار تقریب میں پیش کیا گیا، جس کی صدارت مہاراشٹر راجیہ اردو اکیڈمی کے نو منتخب صدر ڈاکٹر حسین اختر نے فرمائی، جبکہ ایوارڈ رکن ودھان پریشد وکرم کاڑے (شکشک آمدار) کے ہاتھوں عطا کیا گیا۔
اس نمایاں کامیابی پر علمی و سماجی حلقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور ہر جانب سے مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں کھام گاؤں کے معروف صنعت کار اور ستار انجینئرنگ پرائیویٹ لمیٹڈ کے سربراہ الحاج تاج الدین ہمدولے نے ممبئی کے علاقے قلابہ میں واقع میزبان ہوٹل میں ایک پُرتکلف ضیافت کا اہتمام کرتے ہوئے واثق نوید کا والہانہ استقبال کیا۔
ثناء بک ڈپو انجمن چوک مالیگاؤں حاجی شاہد انجم
9270416786
تقریب کے دوران تاج الدین ہمدولے نے واثق نوید کو اس شاندار اعزاز پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے دعاؤں سے نوازا۔ اس موقع پر کھام گاؤں کی متعدد معزز سماجی و سیاسی شخصیات بھی موجود تھیں، جن میں الحاج شہرت خان، انیس جمعدار، عارف بھیا گھڑی والے اور سلمانی وکاس سوسائٹی ممبئی کے بانی و صدر مقبول احمد سلمانی (پیرس سلون قلابہ) قابلِ ذکر ہیں۔ تقریب کا ماحول خوشگوار اور پُرجوش رہا، جہاں حاضرین نے واثق نوید کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں قوم و ملت کا سرمایہ قرار دیا۔ یہ اعزاز نہ صرف ان کی ذاتی کامیابی ہے بلکہ پورے علاقے کے لیے باعثِ فخر بھی ہے۔