امراوتی , سر سید ایوارڈ فنکشن شاندار انداز میں منعقد تعلیم، ادب اور سماجی خدمات میں نمایاں کارکردگی پر درجنوں شخصیات کا اعزاز
Author -
personحاجی شاھد انجم
اپریل 14, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) امراوتی کے مضافاتی علاقے ول گاؤں میں واقع سکچی ریسورٹ میں 12 اپریل 2026 بروز اتوار سرسید احمد خان ایجوکیشن سوسائٹی اور پریم کشور سکچی ٹرسٹ کے زیرِ اہتمام ایک باوقار اور یادگار سر سید ایوارڈ فنکشن کا انعقاد عمل میں آیا۔
اس تقریب میں ادب، صحافت، قانون اور سماجی خدمات سے وابستہ ممتاز شخصیات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
ثناء بک ڈپو انجمن چوک مالیگاؤں حاجی شاہد انجم
9270416786
تقریب کی صدارت معروف صحافی و مدیر روزنامہ منڈل جناب انیل اگروال نے کی، جبکہ ڈاکٹر بشیر خان پٹیل اور یحییٰ خان پٹھان کی قیادت میں پروگرام نہایت منظم انداز میں انجام پایا۔
اس موقع پر ناگپور سے ایڈوکیٹ فردوس مرزا، امراوتی کے میئر شری چند تیجوانی، دانشور ڈاکٹر ناصر الدین انصار اور ایس ڈی ایم انیل بھٹکر سمیت متعدد معزز شخصیات اسٹیج پر موجود رہیں۔
پروگرام کے آرگنائزر یحییٰ خان پٹھان نے استقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے تقریب کے اغراض و مقاصد بیان کیے اور مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔
اپنے خطاب میں ڈاکٹر ناصر الدین انصار نے سر سید احمد خان کے تعلیمی و اصلاحی نظریات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سر سید کی فکر آج بھی مسلم سماج کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ انہوں نے سر سید اور مہاتما جیوتی با پھلے کی اصلاحی خدمات کا تقابلی جائزہ بھی پیش کیا۔
مقررِ خصوصی ایڈوکیٹ فردوس مرزا نے جدید تعلیم اور ٹیکنالوجی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اردو تعلیمی اداروں کی موجودہ صورتحال پر تشویش ظاہر کی۔ انہوں نے والدین کو تلقین کی کہ وہ اپنے بچوں کو مسابقتی اور جدید تعلیم سے آراستہ کریں۔
میئر چند تیجوانی نے اپنی جدوجہد بھری زندگی کا ذکر کرتے ہوئے نوجوانوں کو سماجی خدمت کے میدان میں آگے آنے کی ترغیب دی۔ تقریب کے دوران مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی درجنوں شخصیات کو “سر سید سمان” سے نوازا گیا۔ صدرِ تقریب انیل اگروال نے اپنے ولولہ انگیز خطاب میں ترقیاتی منصوبوں کی سست رفتاری پر روشنی ڈالی اور کہا کہ مشکلات کے باوجود نوجوانوں کی تعلیمی کامیابیاں قابلِ ستائش ہیں۔ انہوں نے کامیابی کے لیے لگن، محنت، قربانی اور خود اعتمادی کو بنیادی اصول قرار دیا۔ ایس ڈی ایم انیل بھٹکر نے تقریب کی تعلیمی سرگرمیوں کو سراہا، جبکہ سکچی ریسورٹ کے مالک سچن مالکر نے گزشتہ 25 برسوں میں پریم کشور سکچی کی سماجی خدمات کا تفصیلی جائزہ پیش کیا۔ تقریب میں امراوتی شہر کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے سیکڑوں افراد نے شرکت کی۔ آخر میں ڈاکٹر بشیر خان پٹیل نے رسمِ شکریہ ادا کرتے ہوئے پروگرام کے کامیاب انعقاد پر تمام معاونین اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔