آٹو رکشا خان نویدالحق انعام الحق اسپیشل آفیسر فار اردوٗ نیز رکن سیکرٹری و رابطہ کار برائے اردوٗ لسانی کمیٹی بال بھارتی پوٗنہ
Author -
personحاجی شاھد انجم
اپریل 17, 2026
0
share
برصغیر کی شہری تہذیب میں آٹو رکشا ایک ایسی متحرک علامت ہے جو محض سواری نہیں بلکہ ایک مکمل سماجی، معاشی اور ثقافتی بیانیہ اپنے اندر سموئے ہوئے ہے. یہ تین پہیوں پر چلنے والی مختصر مگر مؤثر مشین، انسان کی سہولت پسندی، شہری ارتقاء اور معاشی جدوجہد کی ایک جیتی جاگتی تصویر ہے. تکنیکی اعتبار سے آٹو رکشا ایک ہلکی پھلکی موٹر گاڑی ہے، جس کا ڈھانچا نہایت سادہ مگر کارآمد ہوتا ہے. اس میں عموماً ایک اگلا پہیہ اسٹیئرنگ کے لیے اور دو پچھلے پہیے توازن کے لیے ہوتے ہیں. اس کا انجن چھوٹا مگر طاقتور ہوتا ہے، جو کم ایندھن میں زیادہ فاصلہ طے کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے. جدید دَور میں جہاں ماحولیاتی آلودگی ایک سنگین مسئلہ بن چکی ہے، وہیں سی این جی اور برقی (الیکٹرک) رکشوں کی آمد نے اسے نسبتاً ماحول دوست سواری میں تبدیل کر دیا ہے. سماجی نقطۂ نظر سے دیکھا جائے تو آٹو رکشا ایک ایسی عوامی سواری ہے جو متوسط اور نچلے طبقے کے لیے نہایت اہمیت رکھتی ہے. یہ نہ صرف کم فاصلے کے لیے ایک سستا ذریعۂ نقل و حمل فراہم کرتا ہے بلکہ ہزاروں خاندانوں کے لیے ذریعۂ معاش بھی ہے. رکشا ڈرائیور کی زندگی خود ایک داستان ہے— محنت، صبر اور مسلسل جدوجہد کی داستان. وہ شہر کے ہر موڑ، ہر گلی اور ہر راستے سے واقف ہوتا ہے، گویا شہر کی تاریخ اور شہر کا جغرافیہ اس کے حافظے میں نقش ہو جاتا ہے. ثقافتی اعتبار سے آٹو رکشا نے ہر شہر میں اپنی ایک الگ شناخت قائم کر رکھی ہے. اس کی پشت پر لکھے ہوئے اشعار، مزاحیہ جملے اور رنگ برنگی سجاوٹ ایک عوامی فن (folk art) کی شکل اختیار کر چکے ہیں. کبھی یہ جملے قہقہے بکھیرتے ہیں، تو کبھی زندگی کی تلخ حقیقتوں کو نہایت سادہ الفاظ میں بیان کر جاتے ہیں. کبھی یہ ماں کی محبت اور باپ کے پیار، تو کبھی بھائی کے ایثار کا اظہار بن جاتے ہیں تو کبھی محبت میں ناکامی کا رونا روتے ہیں اور معشوق سے بیزار ہو جاتے ہیں. کبھی احساس محرومی کا شکار بن جاتے ہیں. اس طرح آٹو رکشا ایک چلتا پھرتا ادبی و ثقافتی اظہاریہ بن جاتا ہے. معاشی پہلو سے یہ سواری ایک مضبوٗط غیر رسمی (informal) معیشت کا حصہ ہے. کم سرمایے سے شروٗع ہونے والا یہ پیشہ لاکھوں افراد کو خوٗد کفیل بناتا ہے. شہری ٹرانسپورٹ کے نظام میں جہاں بڑی بسیں اور ٹرینیں ایک منظم ڈھانچا فراہم کرتی ہیں، وہیں آٹو رکشا اس نظام کی باریک درازوں کو پُر کرتا ہے—یعنی وہ مقامات جہاں بڑی سواریوں کی رسائی ممکن نہیں ہوتی،وہاں یہ سواری دخل اندازی کر لیتی ہے. اگر اس کا تقابلی جائزہ لیا جائے تو آٹو رکشا ایک منفرد توازن پیش کرتا ہے: یہ نہ مکمل طور پر نجی سواری ہے اور نہ ہی مکمل طور پر عوامی؛ نہ بہت مہنگی اور نہ ہی بالکل سستی—بلکہ ایک درمیانی راستہ، جو شہری زندگی کی پیچیدگیوں میں آسانی پیدا کرتا ہے. ادبی زاویے سے دیکھا جائے تو آٹو رکشا ایک علامت (symbol) بن جاتا ہے—زندگی کے سفر کی علامت، جہاں ہر مسافر اپنی منزل کا طلبگار ہے، مگر راستے سب کے لیے مشترک ہیں. اس کے شور میں شہر کی دھڑکن سنائی دیتی ہے، اس کی رفتار میں وقت کی تیزی جھلکتی ہے، اور اس کے سفر میں انسان کی جدوجہد کا عکس نظر آتا ہے. یوں آٹو رکشا محض ایک سواری نہیں بلکہ ایک مکمل بیانیہ ہے—حرکت کا، محنت کا، اور اس زندگی کا جو کبھی رُکتی نہیں بلکہ ہر لمحہ آگے بڑھتی رہتی ہے.