کھام گاؤں ، داماد کی شاندار کامیابی، میں پرتپاک استقبال ڈاکٹر طالش مومن کو زبردست خراجِ تحسین
Author -
personحاجی شاھد انجم
اپریل 20, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) مہاراشٹر میں حالیہ مہا نگر پالیکا اور نگر پریشد کے عام انتخابات کے نتائج کے بعد کامیاب اُمیدواروں کے اعزاز میں تہنیتی تقاریب اور استقبال کا سلسلہ ہنوز جاری ہے۔ ایسے ہی ایک خوشگوار موقع پر کھام گاؤں شہر میں معروف شخصیت ڈاکٹر محمد طالش آصف مومن کی شاندار کامیابی پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا، جس نے تقریب کو یادگار بنا دیا۔
تفصیلات کے مطابق، کھام گاؤں کے ملت کالونی کے مکین وظیفہ یاب صدر مدرس محمد رفیع محمد شفیع (ریاستی رکن، مہاراشٹر راجیہ اردو شکشک سنگھٹنا) کے داماد ڈاکٹر طالش مومن نے بھونڈی مہا نگر پالیکا کے وارڈ نمبر 5 سے راشٹروادی کانگریس پارٹی (شرد پوار) کے ٹکٹ پر بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی۔ ان کی اس نمایاں جیت نے نہ صرف ان کے خاندان بلکہ سسرالی گاؤں کھام گاؤں میں بھی خوشی کی لہر دوڑا دی۔
ڈاکٹر طالش مومن کی کھام گاؤں آمد کے موقع پر ایک نجی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں اہلیانِ محلہ نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔ اس موقع پر کھام گاؤں نگر پریشد پربھاگ نمبر 2 کی رکن بلدیہ محترمہ نسیم بانو کے فرزند الحاج شہرت خان نے اپنے دولت کدہ پر ایک مختصر مگر باوقار تقریب کا اہتمام کیا،
جس میں ڈاکٹر طالش مومن کو شال اور گلدستہ پیش کرتے ہوئے ان کی کامیابی پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی گئی اور مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔
تقریب میں شہر کے معززین اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی، جس سے ڈاکٹر طالش مومن کی مقبولیت کا اندازہ بخوبی لگایا جا سکتا ہے۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر طالش مومن اپنی اہلیہ ڈاکٹر رقیہ کلثوم کے ہمراہ بھونڈی میں “سٹی ملٹی اسپیشلٹی ہاسپٹل” کے ذریعے عرصہ دراز سے خدمتِ خلق میں مصروف ہیں، اور عوامی خدمت کے اسی جذبے نے انہیں عوام کے دلوں میں خاص مقام عطا کیا، جس کا عملی اظہار ان کی بھاری اکثریت سے کامیابی کی صورت میں سامنے آیا۔ داماد کی اس تاریخی کامیابی پر سسرالی گاؤں میں جس جوش و خروش کے ساتھ استقبال کیا گیا، وہ نہ صرف خاندانی محبت کا مظہر ہے بلکہ ایک باصلاحیت اور عوام دوست قیادت پر عوام کے اعتماد کی روشن مثال بھی ہے۔