اٹالی ، پرندوں کی پیاس بجھانے کا انوکھا جذبہ ضلع پریشد اردو اسکول کے طلباء کی مثالی پہل
Author -
personحاجی شاھد انجم
اپریل 20, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) شدید گرمی کے اس موسم میں جہاں درجہ حرارت 43 ڈگری کے قریب پہنچ چکا ہے، وہیں ضلع پریشد اردو مڈل اسکول اٹالی کے طلباء نے انسانیت اور ہمدردی کی ایک خوبصورت مثال قائم کی ہے۔
طلباء نے پرندوں کی تکلیف کو محسوس کرتے ہوئے ان کے پینے کے پانی اور خوراک کے لیے اسکول کے احاطے میں خصوصی انتظامات کیے۔ اس سے قبل بھی طلباء نے جلیل ارشد خان کی نگرانی میں اسکول کے صحن میں گھونسلے نصب کیے تھے، جس کے نتیجے میں اسکول کا ماحول چڑیوں کی دلکش چہچہاہٹ سے گونج اٹھا تھا۔
اب اسی سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے جماعت ہفتم کے طلباء نے اپنے کلاس ٹیچر کی رہنمائی میں ایک اور قابلِ تقلید قدم اٹھایا۔ طلباء نے فنونِ لطیفہ کی سرگرمی کے تحت نہایت خوبصورتی سے پانی کے پیالے اور دانے رکھنے کے برتن تیار کیے اور انہیں درختوں اور صحن میں مختلف مقامات پر نصب کیا۔
اس اقدام سے نہ صرف پرندوں کو راحت ملی بلکہ طلباء میں فطرت سے محبت اور ہمدردی کا جذبہ بھی پروان چڑھا۔ اس موقع پر صدر مدرس واثق اللہ خان نے آرٹ ٹیچر ثاقب اعزاز سر اور طلباء کی بھرپور ستائش کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں بچوں کی شخصیت سازی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ اس نیک کام میں محمد ندیم سر، شیخ متین سر اور نرگس میڈم کا تعاون بھی قابلِ ذکر رہا۔ واضح رہے کہ ضلع پریشد اردو مڈل اسکول اٹالی نہ صرف تعلیمی میدان میں بلکہ غیر نصابی سرگرمیوں میں بھی اپنی ایک منفرد پہچان رکھتا ہے۔ اسکول کے صدر مدرس، اساتذہ، طلباء اور انتظامیہ کمیٹی کے اراکین کی مشترکہ کاوشیں اس ادارے کو ایک مثالی درسگاہ بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔