کھام گاؤں (واثق نوید) ضلع پریشد اردو بوائز اسکول بودوڑ میں جماعت ششم کے طلبہ و اساتذہ کی جانب سے جماعت ہفتم کے طلبہ کے اعزاز میں ایک پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ صدارت صدر مدرس جناب جاوید شاہ حسن شاہ نے کی جبکہ نظامت شیخ انس نے انجام دی۔
تقریب کا آغاز تلاوت اور نعت سے ہوا، جس کے بعد طلبہ نے الوداعی تقاریر، گیت، اشعار اور مزاحیہ ڈرامہ پیش کر کے حاضرین کو محظوظ کیا۔ اس موقع پر جماعت ششم کے طلبہ نے سینیئرز کو تحائف پیش کیے، جب کہ کلاس ٹیچر جناب شارق زبیر شاہ کو "بیسٹ ٹیچر ایوارڈ" سے نوازا گیا۔ سالانہ کارکردگی کے تحت مختلف ایوارڈز بھی تقسیم کیے گئے، جن میں "اسٹوڈنٹ آف دی ایئر" زیان شاہ انیس شاہ، "اکیڈمک آئیکن" حمزہ مبارک پنجاری اور دیگر نمایاں طلبہ شامل رہے۔ پروگرام کے اختتام پر طلبہ کے لیے ضیافت کا اہتمام کیا گیا۔ صدر مدرس و اساتذہ نے طلبہ کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔