سونہ، ضلع پریشد اردو اسکول کا شاندار کارنامہ اسکالرشپ امتحان میں صد فیصد کامیابی، حمیرا بی ضلع میں اول ، 11 طلباء میرٹ لسٹ میں شامل
Author -
personحاجی شاھد انجم
جولائی 07, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) چکھلی پنچایت سمیتی کے قصبہ سونہ میں واقع ضلع پریشد اردو اسکول نے ریاستی اسکالرشپ امتحان 2026 میں شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر یہ ثابت کر دیا کہ معیاری اور نتیجہ خیز تعلیم صرف بڑے شہروں یا نجی اداروں تک محدود نہیں، بلکہ سرکاری اردو اسکول بھی تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
اسکول کے جماعت پنجم کے 19 طلباء نے اسکالرشپ امتحان میں شرکت کی تھی اور خوش آئند بات یہ ہے کہ تمام 19 طلباء امتیازی نمبرات سے کامیاب ہوئے، یوں اسکول نے سو فیصد نتیجہ حاصل کرکے ایک قابلِ تقلید مثال قائم کی۔
مزید یہ کہ ان میں سے 11 طلباء نے ضلع کی میرٹ لسٹ میں نمایاں مقام حاصل کرتے ہوئے اپنے والدین، اساتذہ، اسکول اور پورے سونہ گاؤں کا نام روشن کیا۔ اسکالرشپ کے اہل قرار پانے اور ضلع کی میرٹ لسٹ میں شامل طلباء میں حمیرا بی شیخ لقمان خان، عالیہ حمیرا فیروز خان، شازیہ ثمرین شیخ ببو، صائمہ بی فیروز خان، فضا شیخ ایاز، مہر بی شیخ مختار، عالیہ بی شیخ مختار، ادیبہ ناز شیخ سلیم، سہانہ پروین عمران شاہ، مجاہد خان سلیم خان اور امان خان شبیر خان شامل ہیں۔ اس کامیابی کی سب سے درخشاں مثال اسکول کی ذہین و محنتی طالبہ حمیرا بی شیخ لقمان خان ہیں، جنہوں نے اپنی غیر معمولی تعلیمی صلاحیتوں اور مسلسل محنت کے بل پر اپنے زمرے میں ضلع کی میرٹ لسٹ میں اول مقام حاصل کرکے ایک منفرد اعزاز اپنے نام کیا۔ ان کی یہ کامیابی دیگر طلباء کے لیے بھی حوصلہ افزا اور مشعلِ راہ ثابت ہوگی۔ تعلیمی حلقوں کے مطابق اس تاریخی کامیابی کے پیچھے اسکول کے مخلص، باصلاحیت اور محنتی اساتذہ کی شب و روز کی کاوشیں، مؤثر تعلیمی منصوبہ بندی، طلباء کی مسلسل رہنمائی اور والدین کا بھرپور تعاون شامل ہے۔ دیہی علاقوں میں محدود وسائل کے باوجود اساتذہ کی لگن اور فرض شناسی نے یہ ثابت کر دیا کہ اگر تدریس جذبۂ خدمت کے ساتھ کی جائے تو بہترین نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ سونہ کی ضلع پریشد اردو اسکول کی یہ شاندار کامیابی نہ صرف ضلع پریشد کے تعلیمی معیار کی عکاس ہے بلکہ دیگر سرکاری اردو اسکولوں کے لیے بھی ایک روشن مثال ہے۔ علاقے کے عوام، تعلیمی ذمہ داران اور مختلف سماجی حلقوں نے اسکول کے اساتذہ، طلباء اور والدین کو اس تاریخی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے مستقبل میں بھی مزید کامیابیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ x