ساکھر کھیرڈا، عظیم نواز راہی کی کہانی سنت گاڑگے بابا امراوتی یونیورسٹی کے بی اے نصاب میں شامل
Author -
personحاجی شاھد انجم
جولائی 03, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) بلڈھانہ ضلع کے تاریخی شہر ساکھر کھیرڈا کے ساکن معروف مراٹھی و اردو شاعر، ادیب، مقرر ، ناظم اور نقاد عظیم نواز راہی کی ادبی خدمات کو ایک اہم اعزاز حاصل ہوا ہے۔
ان کی مختصر کہانی "بادل" کو سنت گاڑگے بابا امراوتی یونیورسٹی کے بی اے (حصہ دوم) کے نصاب میں شامل کیا گیا ہے، جو ادب کے میدان میں ایک قابلِ فخر کامیابی قرار دی جا رہی ہے۔
اطلاعات کے مطابق عظیم نواز راہی کی آئندہ شائع ہونے والی کتاب "عینک" میں شامل افسانہ "بادل" کو نصاب میں جگہ دی گئی ہے۔
ماہرینِ تعلیم کے مطابق یہ انتخاب نہ صرف مصنف کے ادبی مقام کا اعتراف ہے بلکہ طلبہ کو معیاری اور عصری مراٹھی ادب سے روشناس کرانے کی ایک اہم کوشش بھی ہے۔
عظیم نواز راہی اپنی تحریروں میں دیہی زندگی، کسانوں، مزدوروں، محروم طبقات اور عام انسان کے مسائل و احساسات کو مؤثر انداز میں پیش کرتے ہیں، جس کی وجہ سے ان کے ادب کو وسیع پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔ یہ نصاب جامعہ کی نصاب سازی کمیٹی کی سفارش پر تیار کیا گیا ہے، جس کے صدر ڈاکٹر کاشی ناتھن ونائک بن ہاٹے تھے، جبکہ پروفیسر ڈاکٹر اجئے دیش پانڈے نے اس عمل میں اہم کردار ادا کیا۔ واضح رہے کہ عظیم نواز راہی کی مراٹھی شاعری اس سے قبل ریاست مہاراشٹر کے دسویں، گیارہویں جماعت اور مختلف جامعات کے نصاب میں بھی شامل ہو چکی ہے۔ انہیں مراٹھی ادب میں نمایاں خدمات پر متعدد باوقار ادبی اعزازات اور انعامات سے بھی نوازا جا چکا ہے۔ ان کی اس تازہ کامیابی پر ادبی، تعلیمی اور سماجی حلقوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی ہے۔