بلڈھانہ، ریاستی نصابی خاکہ اور قومی تعلیمی پالیسی کے تحت اساتذہ کی چار روزہ تربیتی ورکشاپ اختتام پذیر
Author -
personحاجی شاھد انجم
جون 28, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) ریاستی نصابی خاکہ (State Curriculum Framework) اور قومی تعلیمی پالیسی (NEP-2020) کے تحت ضلع پریشد، نگر پریشد اور نجی اسکولوں میں جماعت دوم، سوم اور چہارم کو پڑھانے والے اساتذہ کی چار روزہ تربیتی ورکشاپ 23 جون سے 26 جون تک بلڈھانہ کی معروف ہوٹل نربدا کے وسیع و خوبصورت ہال میں کامیابی کے ساتھ منعقد ہوئی۔
ورکشاپ کے پہلے مرحلے میں ضلع بھر سے تقریباً 300 اساتذہ نے شرکت کی۔ تربیت خوشگوار اور تعلیمی ماحول میں منعقد ہوئی، جہاں اساتذہ نے مختلف عملی سرگرمیوں اور مباحثوں میں بھرپور دلچسپی لیتے ہوئے فعال شرکت کی۔
تربیت کے دوران ڈائٹ (DIET) کی خصوصی ٹیم مسلسل موجود رہی۔ اس موقع پر ڈائٹ کے پرنسپل، ضلع ایجوکیشن آفیسر اور دیگر تعلیمی افسران نے بھی ورکشاپ کا دورہ کرکے تربیتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔
شرکاء کی سہولت، نظم و ضبط اور دیگر انتظامات کو نہایت عمدہ انداز میں انجام دیا گیا، جسے اساتذہ نے سراہا۔
پہلے مرحلے میں ہر اسکول سے جماعت دوم، سوم اور چہارم کو پڑھانے والے نصف اساتذہ کو تربیت کے لیے مدعو کیا گیا تھا، جبکہ جلد ہی دوسرے مرحلے میں باقی ماندہ اساتذہ کو بھی تربیت فراہم کی جائے گی۔
واضح رہے کہ تعلیمی سال 2026-27 سے جماعت دوم، سوم، چہارم اور ششم کا نصاب تبدیل کیا جا رہا ہے۔ نئے نصاب، اس کے مقاصد، تدریسی طریقۂ کار اور متوقع تعلیمی نتائج سے اساتذہ کو روشناس کرانے کے لیے ریاست بھر میں اس نوعیت کی تربیتی ورکشاپس منعقد کی جا رہی ہیں۔
اس تربیتی پروگرام میں بطور ریسورس پرسن جماعت دوم کے لیے شمس الدین، متین طالب، شارق نایاب، عامر صدیقی اور محمد سالک نے خدمات انجام دیں، جب کہ جماعت سوم و چہارم کے لیے واثق نوید، اظہار الحق، اقرار حسین، فیض الاسلام، صمداللہ خان، مدثر احمد اور مظہر محمود خان نے مختلف موضوعات پر مؤثر انداز میں رہنمائی کرتے ہوئے نئے نصاب کے اغراض و مقاصد اور تدریسی طریقوں کو اساتذہ تک بحسن و خوبی پہنچایا۔