آکولہ ، ثانیہ اردو اسکول کے معلم کی خودکشی، سوسائیڈ نوٹ میں تین افراد کو قرار دیا ذمہ دار کھام گاؤں (واثق نوید)
Author -
personحاجی شاھد انجم
جون 25, 2026
0
share
اکولہ شہر کے کھدان علاقے میں واقع ثانیہ اردو اسکول کے ایک معلم نے مبینہ طور پر خودکشی کر لی، جس کے بعد تعلیمی اور سماجی حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق کھدان کی کرسچین کالونی میں واقع ثانیہ اردو اسکول کے مہان کے ساکن مدرس عبدالضمیر عبدالبشیر (عمر تقریباً 40 سال) کی لاش بدھ کی صبح اپنے ہی اسکول میں پھندے سے لٹکی ہوئی پائی گئی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی کھدان پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ضروری کارروائی کا آغاز کیا۔ پولیس نے جائے وقوعہ کا پنچنامہ انجام دے کر لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے روانہ کر دیا۔ ابتدائی تفتیش کے دوران پولیس کو موقع سے ایک مبینہ سوسائیڈ نوٹ بھی برآمد ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق سوسائیڈ نوٹ میں متوفی نے اپنی موت کے لیے تین افراد کو ذمہ دار قرار دیا ہے، جن میں ایک معطل ہیڈماسٹر، ثانیہ اردو اسکول کے صدر اور ایک سینئر مدرس کے نام شامل ہیں۔ کھدان پولیس اسٹیشن کے ذرائع کے مطابق معاملے کی مختلف زاویوں سے تحقیقات جاری ہیں اور سوسائیڈ نوٹ کی جانچ کے بعد قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ واقعہ کے بعد متوفی کے اہل خانہ، ساتھی اساتذہ اور مقامی عوام میں غم و افسوس کی فضا پائی جا رہی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ حقائق کی مکمل جانچ کے بعد ہی مزید تفصیلات سامنے آئیں گی اور ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔