اردو و مراٹھی زبانوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رہے گا: مادھوی کھوڈے چھاورے سید حسین اختر کی اقلیتی محکمہ کی سیکریٹری سے اہم نشست، اردو اکیڈمی کی سرگرمیوں کو سراہا گیا
Author -
personحاجی شاھد انجم
جون 24, 2026
0
share
ممبئی (پریس ریلیز) مہاراشٹر حکومت کے محکمۂ اقلیتی امور کی سیکریٹری محترمہ مادھوی کھوڈے چھاورے سے گزشتہ دنوں ممبئی میں مہاراشٹر راجیہ اردو ساہتیہ اکیڈمی کے کارگزار چیئرمین سید حسین اختر نے خصوصی ملاقات کی۔ اس موقع پر اردو زبان و ادب کے فروغ، اکادمی کی سرگرمیوں اور مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے خوشگوار ماحول میں تفصیلی تبادلۂ خیال ہوا۔
ملاقات کے دوران سید حسین اختر نے محترمہ مادھوی کھوڈے چھاورے کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے ان کی اردو زبان و ادب سے وابستگی اور خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ مادھوی کھوڈے چھاورے ایک فعال، متحرک اور اردو سے محبت رکھنے والی شخصیت ہیں، جنہوں نے اپنی ذمہ داریوں کو بخوبی انجام دیتے ہوئے اردو کے فروغ اور ترقی کے لیے متعدد مثبت اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کے مختلف شعبوں اور اردو اکادمی کے درمیان بہتر تال میل سے اردو زبان و ادب کے فروغ کی رفتار مزید تیز ہو سکتی ہے اور نئی نسل کو اردو کے علمی و ادبی سرمائے سے جوڑنے میں مدد ملے گی۔ اس موقع پر سیکریٹری محترمہ مادھوی کھوڈے چھاورے نے مہاراشٹر راجیہ اردو ساہتیہ اکیڈمی کی موجودہ سرگرمیوں اور پروگراموں کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ادوار کے مقابلے میں اردو اکیڈمی کی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ اکیڈمی کی جانب سے منعقد کیے جانے والے ادبی اجلاس، ثقافتی پروگرام اور اردو کے فروغ سے متعلق اقدامات قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اردو زبان مہاراشٹر کی تہذیبی وراثت کا اہم حصہ ہے اور اس کے فروغ کے لیے مثبت سوچ اور مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ اردو اور مراٹھی دونوں زبانوں کے فروغ اور ترقی کے لیے اپنی جانب سے ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گی۔ ملاقات کے دوران اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ اردو اور مراٹھی زبانوں کے درمیان موجود مضبوط تہذیبی اور ادبی رشتوں کو مزید مستحکم کیا جائے اور دونوں زبانوں کے فروغ کے لیے مشترکہ پروگراموں کو فروغ دیا جائے۔ یہ ملاقات اردو زبان کے روشن مستقبل اور سرکاری سطح پر زبان کے فروغ کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔