بلڈھانہ ضلع میں پہلی بار 4 اردو کیندر پرمکھ مقرر مہاراشٹر راجیہ اردو شکشک سنگھٹنا کی تاریخی کامیابی
Author -
personحاجی شاھد انجم
جون 21, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) ریاست مہاراشٹر میں اردو میڈیم اسکولوں کے تعلیمی معیار کو بلند کرنے اور ان کی مؤثر نگرانی کو یقینی بنانے کے لیے اردو کیندر پرمکھوں کی تقرری کا دیرینہ مطالبہ بالآخر شرمندۂ تعبیر ہوگیا۔
اس اہم کامیابی کا سہرا مہاراشٹر راجیہ اردو شکشک سنگھٹنا اور اس کے بانی و ریاستی صدر ایم۔ اے۔ غفار کی مسلسل جدوجہد اور مؤثر نمائندگی کے سر جاتا ہے۔ ریاستی حکومت کی منظوری کے بعد بلڈھانہ ضلع میں پہلی مرتبہ چار اردو کیندر پرمکھوں کی تقرری عمل میں آئی ہے،
جسے اردو تعلیمی حلقوں میں ایک تاریخی اور خوش آئند پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ ان تقرریوں کے تحت مصدق احمد کو پیپل گاؤں راجہ کیندر (پنچایت سمیتی کھام گاؤں)، توصیف احمد کو دیولگھاٹ کیندر (پنچایت سمیتی بلڈھانہ)، ضمیر رضا کو امڑاپور کیندر (پنچایت سمیتی چکھلی) اور عبداللہ خان کو ٹنکی کیندر (پنچایت سمیتی سنگرام پور) کا اردو کیندر پرمکھ مقرر کیا گیا ہے۔ اردو اساتذہ اور تعلیمی ماہرین کے مطابق یہ تقرریاں اردو میڈیم اسکولوں کی نگرانی، تدریسی معیار میں بہتری، اساتذہ کی رہنمائی اور طلبہ کی تعلیمی ترقی کے لیے سنگِ میل ثابت ہوں گی۔ اس اقدام سے اردو اسکولوں کو انتظامی سطح پر بہتر نمائندگی بھی حاصل ہوگی۔ اس موقع پر مہاراشٹر راجیہ اردو شکشک سنگھٹنا کے ضلع صدر سید تنویر اور ضلع سیکریٹری محمد عرفان نے تمام نومنتخب اردو کیندر پرمکھوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے انجام دیتے ہوئے اردو تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گے۔ تنظیم کے ذمہ داران نے اس تاریخی اقدام پر ضلع پریشد بلڈھانہ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور پرائمری ایجوکیشن افسر کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ان کا استقبال بھی کیا گیا اور اردو تعلیم کے تئیں ان کے مثبت رویے کو سراہا گیا۔ اردو تعلیمی حلقوں کا ماننا ہے کہ مہاراشٹر راجیہ اردو شکشک سنگھٹنا کی یہ جدوجہد نہ صرف بلڈھانہ ضلع بلکہ پوری ریاست کے اردو اساتذہ اور طلبہ کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے، جس کے مثبت اثرات آنے والے برسوں میں اردو تعلیم کے میدان میں نمایاں طور پر دیکھنے کو ملیں گے۔