کھام گاؤں، عمارہ ایمن کی قابل ستائش و قابل تقلید کارکردگی پنجم جماعت کی طالبہ نے ڈیڑھ سال میں حفظِ قرآن مکمل کر کے والدین اور شہر کا نام کر دیا روشن
Author -
personحاجی شاھد انجم
جون 27, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید)مکتب حقّانیہ تعلیم القرآن، ضیاء کالونی، بدر چوک، کھام گاؤں کی گیارہ سالہ کم سن طالبہ حافظہ عمّارہ ایمن بنت یونس خان نے محض ڈیڑھ سال کے مختصر عرصے میں حفظِ قرآنِ کریم مکمل کرکے ایک شاندار اور قابلِ تقلید کامیابی اپنے نام کر لی۔ اس روح پرور کامیابی پر اہلِ خانہ، اساتذہ، مکتب کے ذمہ داران اور اہلِ محلہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور مبارکباد پیش کرنے والوں کا تانتا بندھ گیا۔
12 جون 2026، بروز جمعہ، حافظہ عمّارہ ایمن نے اپنے استاذ قاری سید ظفر علی اشاعتی کو حفظ کا آخری سبق سنا کر قرآنِ کریم کی تکمیل کی سعادت حاصل کی۔ قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ انہوں نے امسال نگر پریشد اردو پرائمری اسکول نمبر 4، کھام گاؤں سے پنجم جماعت کی تعلیم بھی کامیابی سے مکمل کی ہے اور عصری تعلیم کے ساتھ ساتھ حفظِ قرآن کا عظیم اعزاز بھی حاصل کیا۔
حافظہ عمّارہ ایمن نے نورانی قاعدہ، ناظرۂ قرآن، تجوید و قرأت اور مکمل حفظِ قرآن کی تعلیم مکتب حقّانیہ تعلیم القرآن میں صدرِ مدرس قاری سید ظفر علی اشاعتی کی نگرانی میں حاصل کی۔ ان کی غیر معمولی ذہانت، مستقل مزاجی اور اساتذہ کی مخلصانہ تربیت نے اس کامیابی کو ممکن بنایا۔
حافظہ عمّارہ ایمن کے والد یونس خان پیشے سے ایک محنت کش آٹو رکشا ڈرائیور ہیں، جنہوں نے محدود وسائل کے باوجود اپنی بیٹی کی دینی و عصری تعلیم پر خصوصی توجہ دے کر یہ ثابت کر دیا کہ اخلاص، محنت اور عزم کے سامنے معاشی مشکلات رکاوٹ نہیں بنتیں۔ ان کے ننھیال کا خاندان بھی شہر میں دینداری کے حوالے سے اچھی شہرت رکھتا ہے، جبکہ ماموں معراج خان کی خصوصی حوصلہ افزائی بھی اس کامیابی میں شامل رہی۔ اس موقع پر مکتب کے ذمہ داران محمد عرفان، محمد الطاف میمن، محمد شعیب میمن، سید اکبر، ارشد ندیم اور حافظ عمران خان منہاجی سمیت تمام اساتذہ و عملے نے حافظہ عمّارہ ایمن اور ان کے والدین کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں قرآنِ کریم کی تعلیمات پر ہمیشہ قائم رکھے، دینِ اسلام کی بہترین خادمہ بنائے اور ان کے علم و عمل میں مزید برکتیں عطا فرمائے۔ (آمین)