پہور ملت ہائی اسکول کے صدر مدرس زاہد عبدالمناف پٹیل 34 سالہ شاندار تعلیمی خدمات سے سبکدوش
Author -
personحاجی شاھد انجم
جولائی 07, 2026
0
share
جلگاؤں (سعید پٹیل) جامنیر تحصیل کے پہور کی ملت اردو ہائی اسکول ، کے صدر مدرس زاہد عبدالمناف پٹیل 34 سالہ نہایت خلوص ، دیانت داری اور لگن کے ساتھ شعبۂ تعلیم میں خدمات انجام دینے کے بعد سبکدوش ہوگئے۔
اس طرح ان کی ایک طویل ، باوقار اور مثالی تدریسی و انتظامی زندگی اپنے اختتام کو پہنچی۔ اپنی پوری ملازمت کے دوران زاہد عبدالمناف پٹیل نے معیاری تعلیم کے فروغ، طلبہ کی ہمہ جہت تربیت اور اعلیٰ اخلاقی اقدار کے استحکام کو ہمیشہ ترجیح دی۔ ان کی سادہ مزاجی، نظم و ضبط ، احساسِ ذمہ داری اور تعلیمی وابستگی نے انہیں طلبہ ، اساتذہ، والدین اور عوامی حلقوں میں عزت و احترام کا مقام عطا کیا۔ درس و تدریس کے ساتھ ساتھ انہوں نے اپنی رہنمائی ، قائدانہ صلاحیتوں اور سماجی وابستگی کے ذریعے معاشرے کی تعلیمی و سماجی ترقی میں بھی نمایاں کردار ادا کیا۔ زاہد عبدالمناف پٹیل ایک ایسے علمی و تعلیمی خانوادے سے تعلق رکھتے ہیں جس نے برسوں تک تعلیم کی خدمت انجام دی ہے۔ وہ مرحوم عبدالمناف عبدالمجید پٹیل کے فرزند ہے، جو عثمانیہ اردو اسکول ، ایولہ کے پرنسپل کی حیثیت سے اپنی گرانقدر تعلیمی خدمات اور نسلوں کی رہنمائی کے لیے ہمیشہ یاد کیے جاتے ہے۔ زاہد عبدالمناف پٹیل کی سبکدوشی کے موقع پر ان کے رفقائے کار ، سابق طلبہ ، احباب اور مختلف سماجی و تعلیمی شخصیات نے انہیں دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی طویل ، مخلصانہ اور بے لوث خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ ساتھ ہی دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ انہیں صحتِ کاملہ ، خوشیوں بھری طویل زندگی اور خدمتِ خلق کے مزید مواقع سے نوازے۔ اس طرح کی نیک تمناؤں کا اظہار کیاگیا۔