کھام گاؤں ، ووٹر فہرست مہم کے تحت بی ایل او معاونین کی تربیتی ورکشاپ کا انعقاد
Author -
personحاجی شاھد انجم
جولائی 09, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) جماعت اسلامی ہند، کھام گاؤں (بلڈھانہ نارتھ) کے زیرِ اہتمام "ہر ووٹر کا حق، ہر نام درج" مہم کے سلسلے میں کمیونٹی سینٹر، مرکز جماعت اسلامی ہند کھام گاؤں میں بی ایل او معاونین کے لیے ایک خصوصی تربیتی ورکشاپ منعقد کی گئی۔
اس موقع پر شہر کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے تقریباً 75 رضاکاروں نے شرکت کی ورکشاپ میں پروجیکٹر کے ذریعے خصوصی تربیت فراہم کی گئی،
جس میں شرکاء کو اسپیشل انٹینسیو ریویژن (SIR) کے فارم درست طریقے سے پُر کرنے کا عملی طریقہ سمجھایا گیا۔
مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ ہر اہل ووٹر کا نام ووٹر فہرست میں شامل ہونا جمہوری عمل کا بنیادی تقاضا ہے، اور اس مقصد کے لیے تربیت یافتہ رضاکار شہر کے مختلف علاقوں میں رہنمائی کی خدمات انجام دیں گے۔
تربیتی نشست میں مقامی سیکریٹری ذکاء اللہ شاہ نے شرکاء کے سوالات کے تفصیلی جوابات دیتے ہوئے فارم پُر کرنے کے تمام مراحل نہایت آسان اور مؤثر انداز میں سمجھائے۔
بتایا گیا کہ انہوں نے دن بھر اپنے فرائض کی انجام دہی کے باوجود کئی گھنٹے رضاکاروں کی رہنمائی کے لیے وقف کیے۔ ورکشاپ کی کامیابی میں ارشد ندیم کا کردار بھی نمایاں رہا، جنہوں نے علماء، ائمہ کرام اور شہر کے معززین سے رابطے، عوامی بیداری، مختلف مساجد سے رضاکاروں کی نامزدگی، شرکاء کو فون کے ذریعے یاددہانی اور پروگرام کے انتظامات میں اہم ذمہ داریاں انجام دیں۔
اس کے علاوہ جاوید خان، رئیس بیگ اور محمد یوسف نے بھی پروگرام کی کامیابی کے لیے بھرپور تعاون اور خدمات انجام دیں، جنہیں شرکاء نے سراہا۔
منتظمین نے امید ظاہر کی کہ تربیت حاصل کرنے والے رضاکار خلوصِ نیت کے ساتھ اپنے اپنے علاقوں میں عوام کی رہنمائی کرتے ہوئے ووٹر فہرست میں ہر اہل شہری کا نام درج کرانے کی مہم کو کامیاب بنائیں گے۔