کھام گاؤں، بدر ایجوکیشن سوسائٹی اور اسپاٹون گلوبل گروپ کے اشتراک سے مہندی و میک اپ کورس کا آغاز خواتین کی خود کفالت اور بااختیاری کی جانب شہر میں ایک اہم قدم، سماجی حلقوں میں زبردست پذیرائی
Author -
personحاجی شاھد انجم
جولائی 11, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) بدر ایجوکیشن سوسائٹی، کھام گاؤں اور اسپاٹون گلوبل گروپ کے باہمی اشتراک سے خواتین کے لیے پیشہ ورانہ مہندی اور میک اپ کورس کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا۔
11جولائی کو شام 4 بجے ٹیچرس کالونی، کھام گاؤں میں منعقدہ افتتاحی تقریب میں شہر کی ممتاز سماجی، تعلیمی اور عوامی شخصیات نے شرکت کی۔ کھام گاؤں شہر میں خواتین کی پیشہ ورانہ تربیت کے میدان میں اس نوعیت کی یہ پہلی منظم کوشش قرار دی جا رہی ہے، جسے سماجی حلقوں میں بھرپور پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔
تقریب کا افتتاح رکن بلدیہ حجن نسیم بانو الحاج عبد الکریم کے دست مبارک سے عمل میں آیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں اس اقدام کو خواتین کو بااختیار بنانے کی جانب ایک مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے ادارے کے ذمہ داران کو مبارکباد دی، نیک خواہشات کا اظہار کیا اور دعا کی کہ یہ ادارہ بے شمار خواتین کے لیے ترقی اور روزگار کے نئے مواقع فراہم کرے۔ تقریب کے آغاز پر تمام معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر انجمن ہائی اسکول کے سابق نائب پرنسپل و سابق رکن بلدیہ الحاج محمد ادریس جمعدار، سماجی خدمت گار الحاج شہرت خان، ریاستی جوائنٹ سیکریٹری مہاراشٹر راجیہ اردو شکشک سنگھٹنا واثق نوید، بدر ایجوکیشن سوسائٹی کے صدر ڈاکٹر نعمان خان، سیکریٹری انجینئر جنید اکرام خان، اسپاٹون گلوبل گروپ کے ڈائریکٹر مرزا تانش، بدر ایجوکیشن سوسائٹی کے پروجیکٹ ڈائریکٹر مشاہداللہ خان، محمد عامر اور دیگر معززین موجود تھے۔ اپنے خطاب میں الحاج محمد ادریس جمعدار نے کہا کہ موجودہ دور میں خواتین کا ہنر مند ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیشہ ورانہ تربیت خواتین کو معاشی طور پر مضبوط بنانے کے ساتھ انہیں باوقار روزگار کے مواقع بھی فراہم کرتی ہے۔ الحاج شہرت خان نے خواتین کی تعلیمی بیداری اور پیشہ ورانہ تربیت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ معاشرے کی ترقی اسی وقت ممکن ہے جب خواتین تعلیم اور ہنر سے آراستہ ہوں۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنی بیٹیوں کو ایسے تربیتی کورسز سے ضرور جوڑیں تاکہ وہ خود کفیل اور بااعتماد بن سکیں۔ مہا راشٹر راجیہ اردو شکشک سنگھٹنا کے ریاستی جوائنٹ سیکریٹری واثق نوید نے اپنے خطاب میں کہا کہ تعلیم کے ساتھ ہنر مندی آج کے دور کی بنیادی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہندی اور میک اپ جیسے پروفیشنل کورسز خواتین کو باعزت روزگار، خود اعتمادی اور معاشی خود کفالت کی راہ پر گامزن کرتے ہیں۔ انہوں نے اس منفرد اقدام کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ ادارہ مستقبل میں بھی نوجوان خواتین کی رہنمائی اور تربیت کا مؤثر مرکز ثابت ہوگا۔ تقریب کی نظامت اویس صدیقی نے نہایت خوش اسلوبی سے انجام دی، جبکہ آخر میں مرزا تانش نے تمام مہمانوں، شرکاء اور معاونین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اظہارِ تشکر پیش کیا۔ واضح رہے کہ بدر ایجوکیشن سوسائٹی، کھام گاؤں اور اسپاٹون گلوبل گروپ کے باہمی اشتراک سے شروع کیا گیا یہ تربیتی کورس خواتین کو مہندی اور میک اپ کے شعبے میں بنیادی سے اعلیٰ سطح کی پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرے گا، تاکہ وہ اپنے ہنر کو روزگار میں تبدیل کرکے معاشی طور پر خود کفیل بن سکیں۔ شہر میں اس منفرد اور مثبت اقدام کو مختلف سماجی، تعلیمی اور عوامی حلقوں کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے۔