کھام گاؤں، برڈے پلاٹ قدیم مسلم قبرستان کی ترقی و بحالی کے لیے مسلم قبرستان کمیٹی کا وفد متحرک صدر بلدیہ اور چیف افسر کو میمورنڈم پیش، مثبت کارروائی کی یقین دہانی
Author -
personحاجی شاھد انجم
جولائی 09, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) شہر کے قدیم برڈے پلاٹ مسلم قبرستان کی بحالی، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ترقیاتی کاموں کے مطالبات کو لے کر مسلم قبرستان کمیٹی کے ایک وفد نے صدر بلدیہ اور چیف افسر سے ملاقات کرکے انہیں ایک تفصیلی میمورنڈم پیش کیا۔
میمورنڈم میں قبرستان کی حفاظتی دیواروں کی مرمت، داخلی راستے کی تعمیر و مرمت، مستقل صاف صفائی کے انتظامات اور زائرین کی سہولت کے لیے ایک ہال تعمیر کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ وفد نے اس موقع پر قبرستان سے متعلق عوامی مسائل اور ضروریات سے بھی ذمہ داران کو آگاہ کیا۔
صدر بلدیہ نے وفد سے تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے مطالبات پر ہمدردانہ غور کرنے اور جلد از جلد ضروری کارروائی شروع کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ اسی طرح چیف افسر نے بھی مثبت رویہ اختیار کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ضروری کارروائی کے احکامات جاری کیے۔
واضح رہے کہ گزشتہ کئی دنوں سے شہر کے سب سے قدیم برڈے پلاٹ مسلم قبرستان کو دوبارہ فعال بنانے اور اس کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کا مطالبہ عوامی سطح پر زور و شور سے کیا جا رہا تھا۔
اسی سلسلے میں ابتدائی عملی اقدام کے طور پر مسلم قبرستان کمیٹی کے ذمہ داران نے متعلقہ حکام سے ملاقات کرکے باضابطہ کارروائی کا آغاز کیا ہے۔ یہ بھی قابلِ ذکر ہے کہ رکن اسمبلی و ریاستی وزیرِ محنت آکاش فونڈکر کی قیادت میں شہر میں اقلیتی علاقوں اور بنیادی سہولیات سے متعلق ترقیاتی کاموں کو ترجیح دی جا رہی ہے، جس کے نتیجے میں اس مطالبے پر بھی مثبت پیش رفت کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔ وفد میں مسلم قبرستان کمیٹی کے صدر واثق نوید، سیکریٹری ادریس جمعدار، شعیب قریشی، انیس جمعدار، محمد نعیم (سابق رکن بلدیہ) اور محمد عارف پہلوان (سابق رکن بلدیہ), الحاج عبد الجبار سمیت دیگر ذمہ داران شریک تھے۔