انٹرنیشنل ہیومن رائٹس کے صدر حضرت صابر نورانی (مدنی دربار) نے موجودہ ہنگامی صورتحال کے پیشِ نظر عوام، خصوصاً والدین اور میڈیا نمائندگان سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ناسک ضلع میں مسلسل بارشوں اور ممکنہ خطرات کے باعث تعلیمی اداروں میں تعطیلات کا اعلان کیا گیا ہے۔ ایسے نازک حالات میں والدین کی ذمہ داری پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ جاتی ہے۔ اپنے بچوں کو ہرگز غیر ضروری طور پر گھر سے باہر نہ نکلنے دیں، ان کی سرگرمیوں پر خصوصی نظر رکھیں اور اس بات کا خیال رکھیں کہ وہ دوستوں کے ساتھ تفریح یا سیلابی پانی دیکھنے کے بہانے ندیوں، پلوں یا خطرناک مقامات کی طرف نہ جائیں۔ اکثر بچے والدین سے اجازت لیے بغیر یا غلط معلومات دے کر ایسے مقامات کا رخ کر لیتے ہیں، اور ایک لمحے کی لاپروائی پوری زندگی کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان کا سبب بن جاتی ہے۔میڈیا اداروں اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے بھی مؤدبانہ درخواست ہے کہ "ہائی الرٹ"، "طوفانی ندی" یا خطرناک مقامات کی سنسنی خیز ویڈیوز اور لائیو مناظر اس انداز میں نشر نہ کیے جائیں جن سے لوگوں، خصوصاً نوجوانوں اور بچوں میں تجسس پیدا ہو اور وہ ان مناظر کو اپنی آنکھوں سے دیکھنے کے لیے وہاں پہنچ جائیں۔ بدقسمتی سے ہر سال ایسے ہی تجسس کے نتیجے میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہو جاتی ہیں۔ میڈیا کا اصل کردار عوام میں شعور، احتیاط اور ذمہ داری پیدا کرنا ہے، نہ کہ غیر ارادی طور پر خطرناک مقامات کی طرف لوگوں کی توجہ مبذول کرانا۔ اسی کے ساتھ پولیس انتظامیہ اور متعلقہ محکموں سے بھی گزارش ہے کہ گرنا ندی، نامکمل نعمانی پل اور دیگر تمام حساس و خطرناک مقامات پر فوری طور پر سخت پولیس بندوبست، رکاوٹیں اور مسلسل نگرانی کا انتظام کیا جائے تاکہ کسی بھی شخص، خصوصاً بچوں اور نوجوانوں کو ان علاقوں میں جانے سے روکا جا سکے۔ عوامی اعلانات، مساجد کے لاؤڈ اسپیکرز، سوشل میڈیا اور مقامی ذرائع کے ذریعے بھی مسلسل احتیاطی پیغامات نشر کیے جائیں تاکہ ہر شہری خطرات سے باخبر رہے۔ آئیے! ہم سب مل کر یہ عہد کریں کہ ایک دوسرے کی زندگیوں کی حفاظت کو اپنی اجتماعی ذمہ داری سمجھیں۔ والدین اپنی اولاد کی نگرانی کریں، نوجوان خود بھی احتیاط اختیار کریں، میڈیا ذمہ دارانہ کردار ادا کرے اور انتظامیہ مؤثر حفاظتی اقدامات کرے۔ یاد رکھیں، سیلابی پانی کی خوبصورتی صرف ایک دھوکا ہے، اس کی تیز لہریں پل بھر میں زندگی چھین سکتی ہیں۔ چند لمحوں کی تفریح یا تجسس کبھی بھی ایک انسان کی جان سے زیادہ قیمتی نہیں ہو سکتا۔اللہ تعالیٰ ہمارے شہر، ہمارے بچوں اور تمام اہلِ وطن کی حفاظت فرمائے، ہر قسم کی آفت و مصیبت سے محفوظ رکھے اور ہمیں ذمہ داری، شعور اور احتیاط کے ساتھ زندگی گزارنے کی توفیق عطا فرمائے۔ (آمین)