بدنیرہ بھولجی، عامر خان پرنسپل اور نافع افضال صدر نامزد سابق طلبہ کے ہاتھوں ادارے کی باگ ڈور، محمد حنیف اردو ہائی اسکول میں نئی قیادت کا پرتپاک استقبال کھام گاؤں (واثق نوید)
Author -
personحاجی شاھد انجم
اگست 09, 2026
0
share
اردو ایجوکیشن سوسائٹی، بدنیرہ بھولجی کے زیرِ انتظام محمد حنیف اردو ہائی اسکول اور ڈاکٹر نفیس الاعظیم خان جونیئر کالج میں نئے پرنسپل عامر خان رضاء اللہ خان اور سوسائٹی کے نو منتخب صدر نافع افضال خان انیس الاعظیم خان کے اعزاز میں ایک پُروقار استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر سوسائٹی کے اراکین، اساتذۂ کرام، غیر تدریسی عملہ، طلبہ، اولیائے طلبہ اور معزز شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ تقریب کا آغاز معاون مدرس محمد نثار کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جبکہ جونیئر کلرک فضیل اجلال خان نے نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کرکے محفل کو روحانی فضا سے معطر کیا۔ تقریب کی صدارت مرزا ممتاز بیگ نے فرمائی، جبکہ الحاج رضاء اللہ خان، نعیم الدین، عبدالصمد، عبدالرؤف، انصار بیگ، توثیق خان، سید ذوالفقار، محمد حنیف سر، توصیف خان سر، غلام ایوب سر، مرزا امین شہزاد، منیب الاعظیم خان اور مدثر خان بطور مہمانانِ خصوصی شریک ہوئے۔ تقریب کی نظامت معلمہ صباحت فردوس نے نہایت شائستگی اور مؤثر انداز میں انجام دی۔
اپنے خطابات میں مقررین نے اس امر پر خوشی کا اظہار کیا کہ ادارے کے دو سابق طلبہ آج اسی تعلیمی ادارے کی قیادت سنبھال رہے ہیں۔ مقررین کے مطابق یہ ادارے کی معیاری تعلیم، بہترین تربیت اور روشن روایات کا عملی ثبوت ہے۔
نئے پرنسپل عامر خان نے اپنی ابتدائی و ثانوی تعلیم اسی ادارے سے حاصل کرنے کے بعد بی ایس سی، بی ایڈ، بی اے، ایم اے (انگلش لٹریچر) اور ڈپلومہ اِن اسکول مینجمنٹ (DSM) کی تعلیم مکمل کی۔ سن 2013 میں وہ اسی ادارے میں معاون استاد مقرر ہوئے، بعد ازاں 2023 میں سپروائزر کی ذمہ داری سنبھالی اور اپنی انتظامی صلاحیتوں کا کامیاب مظاہرہ کیا۔ سابق پرنسپل محمد ابرارالحق فاروقی کی سبکدوشی کے بعد یکم اگست 2026 سے انہوں نے ادارے کے پرنسپل کی ذمہ داری سنبھال لی۔اسی طرح سوسائٹی کے نو منتخب صدر نافع افضال خان بھی اسی ادارے کے سابق طالب علم ہیں۔ انہوں نے بی اے اور بی ایڈ کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد 2023 میں معاون استاد کی حیثیت سے خدمات انجام دینا شروع کیں۔ سابق صدر انیس الاعظیم خان کے استعفیٰ کے بعد یکم اگست 2026 کو انہیں اردو ایجوکیشن سوسائٹی کا صدر منتخب کیا گیا۔ اس موقع پر نو منتخب سپروائزر سید تنویر سر، عزت اللہ سر اور ذاکر سر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے نئے پرنسپل اور صدرِ ادارہ کو مبارک باد پیش کی اور ادارے کی ترقی، تعلیمی معیار کے فروغ اور طلبہ کی ہمہ جہت تربیت کے لیے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ مہمانانِ خصوصی نے دونوں ذمہ داران کی تدریسی، انتظامی اور قائدانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کی قیادت میں ادارہ تعلیمی و تربیتی میدان میں مزید کامیابیاں حاصل کرے گا۔ تقریب کے اختتام پر نئے پرنسپل عامر خان اور صدرِ ادارہ نافع افضال خان کی گل پوشی اور شال پوشی کے ذریعے تہنیت پیش کی گئی۔ اپنے اظہارِ تشکر میں دونوں ذمہ داران نے سوسائٹی کے عہدیداران، اساتذہ، عملے، طلبہ اور تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے عہد کیا کہ باہمی تعاون، اخلاص اور عزم کے ساتھ ادارے کو ترقی کی نئی منزلوں تک پہنچانے اور معیاری تعلیم و بہترین کردار سازی کے مشن کو مزید مستحکم بنانے کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔