ناگپور، قادریہ ہائی اسکول حسن باغ میں جشنِ سیرت النبی ﷺ کا پُروقار انعقاد
Author -
personحاجی شاھد انجم
اگست 27, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) قادریہ ہائی اسکول، حسن باغ، ناگپور میں 25 اگست 2026ء کو جشنِ سیرت النبی ﷺ کے سلسلے میں تقریری و نعتیہ پروگرام کا پُروقار انعقاد کیا گیا۔ پروگرام میں طلبہ و طالبات نے سیرتِ طیبہ ﷺ کے مختلف گوشوں پر مؤثر تقاریر پیش کرنے کے ساتھ بارگاہِ رسالت ﷺ میں نعتِ رسولِ مقبول ﷺ کا نذرانہ عقیدت پیش کیا۔
تقریب کی صدارت سید خان صاحب نے کی، جبکہ اسکول مینجمنٹ کمیٹی کے صدر ڈاکٹر محمد مشتاق منصوری خصوصی طور پر شریک ہوئے۔ اس موقع پر عبدالغفار صاحب، شفیق صاحب، بابو بھائی، ریاض پٹیل صاحب، رفیق صاحب اور محترمہ کوثر صاحبہ سمیت مینجمنٹ کمیٹی کے اراکین، اساتذہ اور طلبہ و طالبات موجود تھے۔ اس موقع پر اسکول کے صدر مدرس اشتیاق کامل سر نے خطاب کرتے ہوئے سیرتِ النبی ﷺ پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی حیاتِ مبارکہ پوری انسانیت کے لیے بہترین نمونہ ہے اور موجودہ دور کے مسائل کا سامنا کرتے ہوئے ہمیں آپ ﷺ کی تعلیمات اور اسوۂ حسنہ کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنانا چاہیے۔ پروگرام کی نظامت محترمہ خوشنما میڈم نے مؤثر انداز میں انجام دی۔ طلبہ و طالبات کی جانب سے پیش کی گئی تقاریر اور نعتوں کو حاضرین نے بے حد سراہا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ اختتام پر جناب شکیب سر نے کلماتِ تشکر پیش کرتے ہوئے مہمانان، مینجمنٹ کمیٹی کے اراکین، ہیڈ ماسٹر، اساتذہ اور طلبہ کا شکریہ ادا کیا۔ اس طرح جشنِ سیرت النبی ﷺ کی یہ بابرکت تقریب نہایت پُروقار اور کامیاب انداز میں اختتام پذیر ہوئی۔