شیگاؤں، عید میلاد کے موقع پر کچی مسجد میں خون عطیہ کیمپ منعقد
Author -
personحاجی شاھد انجم
اگست 24, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) عید میلاد النبی ﷺ کے مقدس موقع پر غریب نواز ریلیف فاؤنڈیشن (GNRF) ، دعوتِ اسلامی انڈیا کی جانب سے کچی مسجد میں خون عطیہ کیمپ کا انعقاد کیا گیا،
جس میں شہریوں اور نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کرتے ہوئے انسانیت کی خدمت کے جذبے کے ساتھ خون کا عطیہ دیا۔ کیمپ کا مقصد ضرورت مند مریضوں کو بروقت خون کی فراہمی میں معاونت کرنا اور معاشرے میں خدمتِ خلق کے جذبے کو فروغ دینا تھا۔
اس موقع پر شرکاء نے خون عطیہ کو انسانی زندگی بچانے کا اہم ذریعہ قرار دیتے ہوئے دوسروں کو بھی اس نیک عمل کے لیے آگے آنے کی ترغیب دی۔ کیمپ میں اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس شیگاؤں سٹی ، مولانا ثابت علی صاحب ، مولانا محسن صاحب، مولانا ساحل صاحب، حافظ نثار صاحب، کچی مسجد ٹرسٹ کے صدر امین بھائی میمن، عید میلاد کمیٹی کے صدر جمیل احمد سمیت سماجی کارکنان، معززینِ شہر اور بڑی تعداد میں نوجوان موجود رہے۔
کیمپ کی کامیابی میں دعوتِ اسلامی انڈیا، بلڈھانہ کے ضلعی صدر سہیل عطاری، شیگاؤں تعلقہ صدر منیر الدین اور رضاکاروں اعجاز خان، سید امان، وسیم خان، سید آفاق، ڈاکٹر اشتیاق، ارشد، جنید رضا، شہباز، اے خان رضا اور دیگر نے نمایاں تعاون کیا۔ اس موقع پر منتظمین نے خون عطیہ کرنے والے تمام افراد، معززین اور معاونین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ خون کا عطیہ ایک ایسا عظیم انسانی عمل ہے جس کے ذریعے کسی ضرورت مند کی زندگی بچانے میں مدد مل سکتی ہے۔ کیمپ کے ذریعے خدمتِ انسانیت، اخوت، بھائی چارے اور سماجی ذمہ داری کا مؤثر پیغام بھی عام ہوا۔