وحدت اسلامی ہند کی جانب سے ملک گیر مہم ’’پیغامِ رحمتِ عالم ﷺ‘‘ کا پوسد شہر میں شاندار آغاز کیا گیا۔ 16 تا 26 اگست 2026ء تک جاری رہنے والی اس مہم کا مقصد سیرتِ طیبہ ﷺ کے آفاقی پیغامِ رحمت کو عام کرنا اور معاشرے میں پھیلتی ہوئی مختلف سماجی برائیوں کے خلاف عوامی بیداری پیدا کرنا ہے۔
مہم کے افتتاح کے سلسلے میں منعقدہ مرکزی اجتماع سے محترم بسم اللہ شیخ صاحب، رکن مرکزی شوریٰ، نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام انسانی جان، عزت، نسل اور ماحول کے تحفظ کا جامع پیغام دیتا ہے۔ انہوں نے دخترکشی، خودکشی، نشہ آوری اور ماحولیاتی آلودگی جیسے سنگین مسائل پر قرآن و سنت کی روشنی میں گفتگو کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ معاشرے کی اصلاح کے لیے ہر فرد کو اپنی ذمہ داری کا احساس کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ رحمتِ عالم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی سیرتِ مبارکہ پوری انسانیت کے لیے امن، محبت، رواداری، ہمدردی، عدل اور خیر خواہی کا عملی نمونہ ہے۔ موجودہ دور میں سیرتِ نبوی ﷺ کی تعلیمات کو عام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ معاشرہ اخلاقی و سماجی برائیوں سے محفوظ رہ سکے۔
مرکزی اجتماع میں شہر اور اطراف کے علاقوں سے بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ شرکاء نے مہم کے پیغام کو گھر گھر پہنچانے اور معاشرتی برائیوں کے خاتمے کے لیے فعال کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
منتظمین کے مطابق مہم کے دوران پوسد اور مضافاتی علاقوں میں مختلف اجتماعات، عوامی رابطہ پروگراموں، دعوتی سرگرمیوں اور بیداری مہمات کے ذریعے سیرتِ رحمتِ عالم ﷺ اور اصلاحِ معاشرہ کا پیغام عام کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ ’’پیغامِ رحمتِ عالم ﷺ‘‘ مہم 26 اگست 2026ء تک جاری رہے گی، جس کے تحت ملک بھر میں مختلف پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔

