بالاپور ، ضلعی سطح کے ایتھلیٹکس مقابلے میں علی پبلک اسکول، کی شاندار کامیابی! ابوذر احمد نے جیتا گولڈ میڈل؛ ریاستی سطح کے مقابلے کے لیے منتخب کھام گاؤں(واثق نوید)
Author -
personحاجی شاھد انجم
اگست 20, 2026
0
share
علی پبلک اسکول، بالاپور کے کھیلوں کے میدان میں ایک اور قابلِ فخر کامیابی کا اضافہ ہوا ہے۔
حال ہی میں اکولہ میں منعقدہ ضلعی سطح کے ایتھلیٹکس مقابلے میں اسکول کے جماعت ششم کے طالب علم ابوذر احمد اعجاز احمد نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلا مقام حاصل کیا اور طلائی تمغہ اپنے نام کیا۔ اس نمایاں کامیابی کے بعد ابوذر احمد کا ریاستی سطح کے ایتھلیٹکس مقابلے کے لیے انتخاب عمل میں آیا ہے، جو 29 اگست 2026 کو رتناگیری میں منعقد ہوگا۔
ان کی اس کامیابی سے ان کے والدین، علی پبلک اسکول اور پورے بالاپور شہر کا نام روشن ہوا ہے۔ اکولہ میں منعقدہ اس ضلعی سطح کے مقابلے میں ضلع کے مختلف اسکولوں سے 500 سے زائد طلبہ و طالبات نے حصہ لیا تھا۔ Under-14 Triathlon-A زمرے میں ابوذر احمد نے اپنی صلاحیتوں اور بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے شاندار کارکردگی پیش کی۔ اس مقابلے میں 60 میٹر دوڑ، لانگ جمپ اور ہائی جمپ جیسے تین کھیلوں کے شعبے شامل تھے۔ تینوں شعبوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ابوذر نے پہلا مقام حاصل کیا اور طلائی تمغہ جیتا۔
ابوذر کی اس شاندار کامیابی کے اعتراف میں 19 اگست 2026 کو علی پبلک اسکول میں ان کی خصوصی پذیرائی اور تہنیتی تقریب منعقد کی گئی۔ اس موقع پر اسکول مینجمنٹ کے سیکریٹری ڈاکٹر زبیر ندیم، ڈائریکٹر عنبر کاظم، ہیڈ مسٹریس رضوانہ پروین اور اسپورٹس ٹیچر ارباز خان نے ابوذر کو مبارکباد پیش کی اور ریاستی سطح کے مقابلے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اس موقع پر ابوذر کی مسلسل رہنمائی، تربیت اور حوصلہ افزائی کے لیے اسپورٹس ٹیچر ارباز خان کی محنت اور خدمات کو بھی اسکول مینجمنٹ کی جانب سے سراہا گیا۔ اسکول مینجمنٹ نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ابوذر کی یہ کامیابی دیگر طلبہ کے لیے بھی باعثِ تحریک ہوگی اور وہ ریاستی سطح کے مقابلے میں بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے علی پبلک اسکول اور بالاپور کا نام مزید روشن کریں گے۔ علی پبلک اسکول، بالاپور کی پوری ٹیم کی جانب سے ریاستی سطح کے ایتھلیٹکس مقابلے کے لیے نیک خواہشات۔ کامیابی کا یہ سنہرا سفر اسی طرح جاری رہے!